نااہل اور بزدل سیاسی قیادت دہشت گردوں کے مکمل صفایا میں رکاوٹ ہے: طاہرالقادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ نااہل،کرپٹ اور بزدل سیاسی قیادت دہشتگردوں کے مکمل صفایا کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے،17دسمبر 2014 کے سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے بعد چاروں صوبائی دارالحکومتوں اور وفاقی دارالحکومت میں دہشت گردی کے پے در پے واقعات سے ثابت ہو گیا دہشتگرد جاگ رہے ہیں اور حکمران سو رہے ہیں، سانحہ کراچی صفورا چورنگی اپنی نوعیت کی بدترین دہشتگردی ہے جس وقت لوگ اپنے پیاروں کی نعشیں ہسپتالوں میں پہنچارہے تھے اس وقت وزیراعظم دعوت اڑارہے تھے۔گزشتہ روز مرکزی میڈیا سیل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے بعد قوم توقع کررہی تھی کہ اب حکمرانوں کی ساری توجہ دہشتگردی کے خاتمے کے یک نکاتی ایجنڈے پر ہو گی مگر فوج اور ذیلی اداروں کو دہشتگردی کی جنگ میں مصروف کر کے حکمرانوں نے ٹھیکہ داری شروع کر دی۔ انہوں نے کہا کہ 17دسمبر کے بعد کراچی ،لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ ،شکاپور، چمن سمیت ہر اہم شہر میں دہشتگردوں نے 8 سے زائد واقعات میں خون کی ہولی کھیلی اور بآسانی فرار ہو گئے۔