دہشت گردی کے خاتمے تک اس کا سینہ تان کر مقابلہ کرینگے: صدر ممنون
اسلام آباد (آن لائن + صباح نیوز) صدر مملکت ممنون حسین نے کراچی میں دہشت گردی کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کے خاتمے تک ہم سینہ تان کر اس کا مقابلہ کرینگے‘ شمالی علاقہ جات میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن میں پاک فوج کو بے پناہ کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صدر مملکت ممنون حسین نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں قومی ہم آہنگی کے موضوع پر ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی جامعات کو ہم آہنگی پیدا کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے قومی آہنگی اور ذمہ داری کو فروغ دینے اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لئے تحقیق کے کلچر کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے۔ جب تک تحقیق کے کلچر کو فروغ نہیں دیا جائیگا تب تک ہم آگے نہیں بڑھ سکتے۔ پاکستان کو سب سے زیادہ نقصان کرپشن اور بدعنوانی سے پہنچا۔ ہمارا معاشرہ کرپشن اور بدعنوانی میں لت پت ہے۔ ہمارا مذہب تعلیم دیتا ہے کہ بدعنوان عناصر سے میل جول نہ رکھا جائے۔ قبائلی علاقوں سے بلوچستان تک ناراض بھائیوں کو سینے سے لگایا جا رہا ہے اور انہیں قومی دھارے میں لانے کے لئے کوشش کی جا رہی ہے۔ صدر مملکت ممنون حسین سے کویت کی قومی اسمبلی کے سپیکر مرزوق الغانم نے ایوان صد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کویت کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اگر ضرورت پڑی تو پاکستان کویت کی افرادی قوت کی ضروریات مستقبل میں بھی پوری کرتا رہے گا۔ پاکستان اور کویت نے آزمائش کی ہر گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ پاکستان کویت کے ساتھ تجارتی حجم کو مزید بڑھانے کا خواہش مند ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ خطے کو دہشت گردی اور انتہاپسندی کے بڑھتے ہوئے چیلنجز کا سامنا ہے۔ اس ضمن میں پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی اور سکیورٹی تعاون بہت اہمیت کا حامل ہے۔ اس موقع پر صدر مملکت نے امیر کویت کے لئے دعائوں اور نیک تمنائوں کا پیغام بھی بھجوایا۔