قائمہ کمیٹی اوورسیز کا اجلاس، خلیجی ممالک سے پاکستانیوں کو ریسکیو کرنے کیلئے ڈیسک بنانے کی سفارش
اسلام آباد(آن لائن)قائمہ کمیٹی برائے اوورسیزنے خلیجی ممالک میں قیام پذیر 15لاکھ سے زائد پاکستانیوں کو ایمر جنسی کی صورت میں ریسکیو کرنے کے لیے وزارت اوورسیز میں خصوصی ڈیسک قائم کرنے کی سفارش کر دی۔کمیٹی نے یمن میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی کو سراہا، قائمہ کمیٹی اوورسیز کا اجلاس چیرمین کمیٹی میر عامر علی خان مگسی کی زیر صدارت اوورسیز فائونڈیشن میں ہوا جس میں یمن سے واپس آئے ہوئے پاکستانیوں کے حوالے سے کمیٹی کو بریفنگ دی گئی اس موقع پر کمیٹی کو بتایا گیا کہ یمن میں پھنسے 605پاکستانیوں کو بحفاظت پی آئی اے کی پروازوں کے ذریعے واپس لایا گیا۔ پاکستان آنے کے بعد ان مسافروں کو وزارت کے خرچہ پر انکے گھروں تک بھی پہنچایا گیا۔کمیٹی کے اراکین نے متفقہ طور پر وزارت کے اعلٰی حکام سے سوال کیا کہ اگر خلیجی ممالک میں روزگار کے سلسلہ میں گئے ہویئے پندرہ لاکھ سے زیادہ پاکستانیوں کو ایمر جنسی حالات میں پاکستان لانا پڑے تو وزارت کیا اقدامات اٹھائے گی جس پر حکام نے خاموشی اختیار کرتے ہوئے نفی میں جواب دیا جس پر کمیٹی نے وزارت کو سفارش کی کہ ایسا ڈیسک قائم کیا جائے جس کا رابطہ وزارت خارجہ اور وزیر اعظم آفس سے ہو تاکہ کسی ایمر جنسی کی صورت میں تمام ادارے ملکر اقدامات کرسکیں، اس موقع پر وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانی پیر صدر الدین راشدی نے کمیٹی کو بتایا کہ وزارت اوورسیز بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے روزگار کے مواقع تلاش کر رہی ہے۔