• news

سینٹ اجلاس ، اپوزیشن کا ’’ہیڈ ماسٹر‘‘ کی ناراضی کے خوف سے کورم کی نشاندہی سے گریز

جمعہ کو بھی سینیٹ کا اجلاس بروقت شروع ہوا اجلاس میں حاضری کم ہونے کے باوجود نے اپوزیشن ’’ہیڈ ماسٹر‘‘ لی ناراضی کے خوف سے کورم کی نشاندہی نہیں کی بلکہ اجلاس کی کارروائی معمول کے مطابق چلانے میں مدد کی جب اجلاس شروع تو ایوان میں 13 ارکان موجود تھے اور جب اجلاس ملتوی ہوا اس وقت یہ تعداد30ہو گئی جمعہ سینیٹ کا اجلاس مجموعی طور پر سوادوگھنٹے تک جاری رہا۔ قائد ایوان راجہ محمد ظفر الحق اپنی پوری پارلیمانی قوت کے ساتھ مورچہ زن رہے تاہم وزیراعظم محمد نواز شریف ایوان میں آئے اور نہ ہی قائد حزب اختلاف چوہدری اعتزاز احسن ۔ میاں رضا ربانی کے چیئرمین بننے کے بعد اپوزیشن کورم کی نشاندہی کرنے سے گریز کر رہی ہے۔ سردست اپوزیشن چیئرمین سینیٹ کے ’’کام اور صرف کام‘‘ پر عملدرآمد کرنے پر تعاون کر رہی ہے۔ ایوان نے وقفہ سوالات معطل کرنے کی تحریک کی منظوری دیدی۔ چیئرمین نے تحریک پر ایوان کی رائے لی ایوان نے تحریک کی منظوری دیدی۔ ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس کی نجکاری کے معاملے پر اپوزیشن نے سینٹ اجلاس سے واک آئوٹ کی کرکے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا واک آئوٹ کرنے والوں میں پیپلزپارٹی اور اے این پی کے اراکین شامل تھے۔ چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کو ہدایت کی ہے کہ وہ پیر کو ایوان میں موجود ہوں تاکہ ان کی موجودگی میں ان کے متنازعہ بیان کے حوالے سے بات کی جاسکے۔ جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران جمعیت علماء اسلام (ف) کے سینیٹر مولانا عطا الرحمن وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کی طرف سے مدارس کے حوالے سے دیئے گئے بیان پر بات کرنا چاہتے تھے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اس ایوان کی روایت ہے کہ ایک رکن دوسرے رکن کے بارے میں غیر موجودگی میں بات نہیں کرتا اس لئے مناسب ہو گا کہ پیر کو اس معاملے پر بات کر لیں جب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات بھی ایوان میں موجود ہوں۔ پانی و بجلی کے وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا ہے کہ توانائی کی قلت پر قابو پانے کیلئے سرکاری اور نجی شعبے میں متعدد منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔ پارلیمانی امور کے وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے ایوان کو بتایا کہ وفاقی حکومت نے خیبر پی کے کی حکومت کو ڈیڑھ ارب روپے ادا کئے ہیں تاکہ وہ زلزلہ متاثرین کیلئے نئے بالاکوٹ شہر کی تعمیر کیلئے گیارہ ہزار چار سو چھتیس کنال اراضی خرید سکے۔ چیئرمین سینٹ نے فیڈرل ایمپلائزبنوولنٹ فنڈ اینڈگروپ انشورنس پہلا ترمیمی بل دو ہزار پندرہ اور فیڈرل ایمپلائز بنوولنٹ اینڈ گروپ انشورنس کا دوسرا ترمیمی بل دو ہزار پندرہ بھی متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھیج دئیے۔ چیئرمین نے قائد ایوان کی تجویز پر ہدایت کی کہ وزیراعظم کے علم میں یہ معاملہ لایا جائے اور پیر کو اس حوالے میں ایوان میں جواب دیا جائے ایوان بالا نے رواں سیشن کے آئندہ اجلاسوں کے لئے وقفہ سوالات معطل کرنے کی تحریک کی منظوری دیدی۔ جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے تحریک پیش کی کہ رول 41 کے تحت رواں سیشن کے آئندہ اجلاسوں کے لئے وقفہ سوالات معطل کر دیا جائے۔ چیئرمین نے تحریک پر ایوان کی منظوری حاصل کی۔ ایوان نے تحریک کی منظوری دیدیسینٹ کا اجلاس پیر کی شام تین بجے تک ملتوی کر دیا دلچسپ امر یہ ہے پیر کو ہی صدر مملکت ممنون حسین نے قومی اسمبلی کا 22واں سیشن طلب کر لیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن