منی لانڈرنگ کیس: نوازشریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے متفرق درخواست مسترد لاہور ہائیکورٹ نے محفوظ فیصلہ سنا دیا
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ نے جمعہ کے روز منی لانڈرنگ کیس میں وزیراعظم نوازشریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے اور انکو عدالت طلب کرنے کیلئے دائر متفرق درخواست میں محفوط کیا فیصلہ گذشتہ روز سناتے ہوئے درخواست مسترد کردی جبکہ مین پٹیشن کی سماعت اگلی تاریخ کو ہوگی۔ درخواست گزار جاوید اقبال جعفری کی جانب سے متفرق درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا نوازشریف نے اربوں روپے غیرقانونی طور پر بیرون ملک منتقل کئے۔ پلاٹوں کی بندربانٹ کی اور اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے رہے۔ معاملہ قومی نوعیت کا ہے لہذا ضابطہ دیوانی کے تحت نوازشریف کو عدالت میں طلب کیا جائے تاکہ جرح کی جاسکے اور عدالتی فیصلہ آنے تک نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالا جائے۔ عدالت نے متفرق درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔