کندیاں: راستہ کے تنازعہ پر 2 گروپوں میں مسلح تصادم، 2 بھائیوں سمیت 5 افراد ہلاک 3 زخمی
کندیاں + میانوالی (نامہ نگاران) راستے کے تنازعہ پر دو متحارب گروپوںکے درمیان مسلح تصادم کے نتیجے میں دونوں گروپوں کے 5 افراد ہلاک اور 3 شدید زخمی ہو گئے۔ مرنے والوں میں دو سگے بھائی بھی شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق مظفر پور کا رہائشی محمد اشرف وغیرہ کندیاں کے جنگلات سے لکڑی چوری کر کے لے جارہے تھے۔ محکمہ جنگلات کا عملہ ان کے تعاقب میں تھا کہ ڈیرہ کلواں والا کے قریب لکڑی سے لوڈ ڈالہ تیز رفتاری کے باعث الٹ گیا۔ اسی دوران کلو برادری کے محمد لطیف اور یاروخیل برادری کے محمد اشرف کے درمیان متنازعہ راستہ سے ڈالہ گزرنے پر جھگڑا ہو گیا جو طول پکڑگیا دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں محمد اشرف اسکا بھائی محمد اصغر عرف کاکا، غلام محمد عرف گاما اور شیر عباس ہلاک ہو گئے۔ دوسرے فریق کلو برادری کے محمد لطیف موقع پر جاں بحق اور محمد حفیظ، محمد وحید اور عمر دراز شدید زخمی ہو گئے، چاروں زخمیوں کو فوری طور پر میانوالی ہسپتال منتقل کر دیاگیا جبکہ مقامی پولیس نے مقتولین کی نعشیں پوسٹمارٹم کے لئے میانوالی ڈی ایچ کیو ہسپتال بھجوا دیں۔کلو اور یارو خیل برادری کے درمیان راستہ کے تنازعہ پر پرانی دشمنی تھی تاہم کچھ عرصہ قبل دونوں برادریوں کے درمیان صلح ہو گئی تھی۔گزشتہ روز اسی راستے سے ڈالہ گزارنے پر دونوں فریقین کے درمیان دوبارہ لڑائی شروع ہو گئی۔ تھانہ واں بھچراں نے واقعہ کی ابتدائی رپورٹ درج کر کے مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔