پاک چین اقتصادی منصوبے کو ناکام بنانے کیلئے بھارت دہشت گردی کرا رہا ہے:حافظ سعید
لاہور (سپیشل رپورٹ+ نامہ نگار) جماعۃ الدعوۃ پاکستان کے سربراہ پروفیسرحافظ سعید نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کو اپنے قدموں پر کھڑا ہوتے نہیں دیکھنا چاہتا۔ مودی انتظامیہ پاک چائنہ اکنامک کوریڈور کو ناکام بنانے کیلئے پورا زور لگا رہی ہے۔ سانحہ صفورہ چورنگی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ اسماعیلی کمیونٹی پرحملہ ایک فرقہ پر نہیں بلکہ پورے پاکستان پر حملہ ہے۔ کشمیریوں نے ایک بار پھر پاکستانی پرچم لہرا کر بھارت کو دنیا کے سامنے بے نقاب کردیا۔ گذشتہ روز سکھر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعۃ الدعوۃ نے کہا کہ پاک چائنہ اکنامک کوریڈور منصوبے کے اعلان کے بعد پاکستان کو ترقی کی طرف بڑھتا دیکھ کر بھارت نے پاکستان میں دہشت گردی کا نیا بازار گرم کردیا ہے۔کوریڈورمنصوبے کو ناکام بنانے کیلئے را میں خصوصی سیل قائم کیا گیا ہے۔ بھارت پاکستان کوترقی کی راہ پر چڑھتا نہیں دیکھنا چاہتا اسلئے وہ پاکستان کو عدم استحکام سے دوچارکرنے کیلئے پاکستان میں دہشت گردگروپوں کی سرپرستی کررہا ہے۔ پاکستان میں فرقہ ورانہ، لسانی فسادات اور قتل و غارتگری میں بھی بھارت کا ہاتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم، آرمی چیف، دفاعی اداروں اور دفترخارجہ کی طرف سے پاکستان میں دہشت گرد ی کے سرپرست کو بے نقاب کرنا خوش آئند ہے۔حکومت حقائق کھل کر سامنے آنے کے بعد ماضی کی طرح کاغذی کاروائیاں کرنے کی بجائے بھارت کا چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کرے۔ امریکہ بھارت کو پاکستان میں بدامنی پھیلانے کی شہ دے رہا ہے۔ بعدازاں سکھر کے مقامی میرج ہال میں حافظ سعید نے تحفظ حرمین شریفین کانفرنس سے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صلیبی و یہودی مسلمانوں کے روحانی مرکز سعودی عرب کا گھیرا تنگ کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں لیکن وہ اپنے ان ناپاک عزائم کامیاب نہیں ہوسکیں گے۔ قبل ازیں بہاولپور میں کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حافظ سعید نے کہا کہ بھارت دہشت گردوں کو تربیت دیکر افغانستان کے راستے پاکستان داخل کررہا ہے۔ حکومت مصلحت پسندی چھوڑ کر دہشت گردوں اور انکے سرپرست بھارت کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرے۔ سیاسی ومذہبی جماعتیں پاکستان کوعدم استحکام سے دوچارکرنے کی ناپاک بھارتی سازشوں کو ملکر ناکام بنائیں۔