ملتان:پی پی 196 میں ضمنی الیکشن، جاوید ہاشمی کا لیگی امیدوار رانا محمود الحسن کی حمایت کا اعلان
ملتان (سپیشل رپورٹر/نوائے وقت رپورٹ/ایجنسیاں) سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے صوبائی حلقہ 196 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار رانا محمود الحسن کی حمایت کا اعلان کردیا۔ یہ اعلان انہوں نے صوبائی حلقہ 196 میں ایک انتخابی جلسہ میں پہلی بار شرکت کرنے سے پہلے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رانا محمود الحسن‘ شیخ اطہر ممتاز‘ شیخ نعمان‘ شیخ ارشد‘ چوہدری سعید‘ عمران حمزہ، شاہد لودھی‘ شاہد مختار لودھی‘ امیر اللہ شیخ و دیگر موجود تھے۔ مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ عمران خان بادشاہت ختم کرکے اس ملک میں اپنی شہنشاہیت قائم کرنا چاہتے ہیں۔ جلسہ عام کی ناکامی سے اس خطے کے عوام نے شہنشاہیت کا راستہ روکدیا ہے۔ تحریک انصاف نے گھونگٹ میں رہ کر مجھے گھائل کیا۔ اس بار پہلی دفعہ ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف گھونگٹ اتار کر میدان میں آئی ہے اور بری طرح ہار رہی ہے۔ تحریک انصاف کے پاس کوئی سیاسی پروگرام نہیں ہے، میوزیکل موومنٹ ہے جو دم توڑ رہی ہے۔ ملتان کے جلسہ میں ناکامی سے شاہ محمود قریشی ایکسپوز ہوئے ہیں اور اسقدر بوکھلا گئے کہ شرکاء سے شیر پر ٹھپے لگانے کا مطالبہ کر ڈالا۔ عمران خان تو نئے صوبوں کے حق میں نہیں بلکہ وہ تمام صوبے توڑ کر ون یونٹ بنانے کا پروگرام رکھتے ہیں۔ جلسہ کی ناکامی کے بعد پورے یقین سے کہہ رہا ہوں کہ ضمنی الیکشن رانا محمود الحسن جیت چکے ہیں۔ ان کی کامیابی میں اپنا حصہ ڈالنا ضروری سمجھتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کبھی بھی سینیٹ یا گورنری کا امیدوار نہیں رہا۔ اس خطے میں سب سے زیادہ ترقیاتی منصوبے مسلم لیگ (ن) نے کروائے ہیں۔ میٹرو پر تنقید کرنیوالے غلط کررہے ہیں، جس وقت دھرنے کے دوران چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف گارنٹر بنے تھے تو حکومت نے جوڈیشل کمشن سمیت تمام شرائط منظور کر لی تھیں لیکن عمران خان نہ مانے۔ پاک چین معاہدوں کو کیوں متنازعہ بنایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر رانا محمود الحسن نے کہا کہ مخدوم جاوید ہاشمی میرے بزرگ ہیں۔ انکی شخصیت عہدوں سے بالاتر ہے۔ 21 مئی شیر کی فتح کا دن ہے۔ دوسری طرف شاہ محمود قریشی اور جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق میں ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں جماعت اسلامی نے پی پی 196 میں پی ٹی آئی کی حمایت کا اعلان کردیا۔اس سے پہلے جماعت اسلامی نے مسلم لیگ (ن )کے امیدوار رانا محمود الحسن کی حمایت کا اعلان کیا تھا تاہم جماعت اسلامی کی مقامی قیادت کے مطابق انہیں تاحال سراج الحق کی جانب سے تحریک انصاف کے امیدوار کی حمایت کے احکامات نہیں ملے۔ دریں اثنا جے یو آئی (ف) نے پی پی 196 ملتان کے ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کی حمایت کا اعلان کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یوسف رضا گیلانی نے ہفتہ کے روز جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کی اور حلقہ پی پی 196 میں پیپلزپارٹی کی حمایت کرنے کی درخواست کی۔ مولانا فضل الرحمن نے پیپلز پارٹی کی حمایت کی یقین دہانی کروائی۔ حمایت کرنے پر یوسف رضا گیلانی نے مولانا فضل الرحمن کا شکریہ بھی ادا کیا۔