راہداری : حکومت سے کہوں گا وہ تمام لیڈروں کو بند کمرے میں دوبارہ بریفنگ دے: زرداری
اسلام آباد (نیشن رپورٹ +آئی این پی) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری سے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے ملاقات کی جس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال کے علاوہ پاکستان چین اقتصادی راہداری کے منصوبے سے متعلق کوئٹہ میں ہونیوالی آل پارٹیز کانفرنس کے اعلامیہ پر بات چیت کی گئی۔ خورشید شاہ نے کانفرنس کے اعلامیے اور بعض رہنمائوں کے روٹ پر تحفظات کے حوالے سے بریفنگ دی جس پر سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری کا منصوبہ ملکی ترقی کیلئے اہمیت کا حامل ہے ، اسے متنازعہ بنانے سے گریز کیا جائے۔ جن چند جماعتوں کے تحفظات ہیں وہ انکا اظہار کھلے عام کرنے کی بجائے حکومت سے دوبارہ ملاقاتیں کرکے بات چیت کریں ۔ اس طرح میڈیا میں اس معاملے کو اچھالنا ملکی مفاد میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ انکی تجویز پر 13 مئی کو وزیراعظم نوازشریف نے پارلیمانی لیڈرز کی کانفرنس بلائی تھی جس میں وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے تفصیلی بریفنگ دی تاہم سانحہ صفورا چورنگی کے باعث اس معاملے پر بریفنگ ادھوری رہ گئی، وہ عنقریب حکومت کو تجویز دیں گے کہ دوبارہ تمام لیڈروں مدعو کرکے اس معاملے پر بند کمرے میں دوبارہ بریفنگ دی جائے اور تمام تحفظات دور کردیئے جائیں ۔ چین اور پاکستان کے درمیان حالیہ معاہدے نہ صرف تاریخی بلکہ ملکی تعمیر و ترقی کیلئے بہت اہم ہیں اور یہ منصوبے طویل المدت ہیں لہٰذا تمام جماعتیں قومی مفادات کا خیال رکھیں اور ایسا لب ولہجہ اختیار نہ کریں جو ملکی مفادات کے منافی ہو۔