• news

قلات آپریشن: 3 روز میں 9 کمانڈروں سمیت 20 دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ (بیورو رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ) قلات کے علاقے میں سیکورٹی فورسز کے جاری آپریشن کے دوران 3 دنوں میں مجموعی طور پر کالعدم تنظیم کے 9 کمانڈروں سمیت 20 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ قلات کے علاقے میں خفیہ اداروں کی اطلاع پر سیکورٹی فورسز نے کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں کیخلاف سرچ آپریشن کیا تو ملزمان نے فائرنگ کردی۔ سیکورٹی فورسز کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں کالعدم تنظیم کے 9 کمانڈروں سمیت 20 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ کالعدم تنظیم کے 4 کیمپ تباہ کردئیے گئے۔ سکیورٹی فورسز نے ہلاک ہونے والے ملزمان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا۔ ذرائع نے بتایا ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ سے تعلقات کے شواہد بھی ملے ہیں۔ رات گئے تک قلات کے مختلف علاقوں میںسرچ آپریشن کا سلسلہ جاری تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد سکیورٹی فورسز پر حملے، شہریوں کو ٹارگٹ کا نشانہ بنانے اور آئل ٹینکرز پر حملوں میں ملوث تھے۔ مزید برآں فرنٹیئرکوربلوچستان نے دالبندین کے سرحدی علاقے برآمچہ میں دہشت گردوں کیخلاف سرچ آپریشن کرتے ہوئے ایک مشتبہ دہشت گردکو خودکارہتھیاروں سمیت گرفتار کر لیا۔ برآمدکئے گئے خودکار ہتھیاروں میں راکٹ لانچرز، پستول اور 303 رائفلز بمعہ رائونڈز شامل ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے ضلع قلات میں اور ملحقہ علاقوں میں تیسرے روز بھی سیکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری رہا۔ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

ای پیپر-دی نیشن