• news

کوئٹہ: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے لیویز اہلکار شہید

کوئٹہ + پنجگور + اٹک + میر علی (نیوز ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ)کوئٹہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے لیویز اہلکار شہید ہو گیا۔ پولیس کے مطابق گزشتہ روز کوئٹہ کے علاقے میر گاہی خان چوک پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر دی جس سے لیویز اہلکار خادم حسین شہید ہو گیا۔ حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس نے نعش قبضہ میں لے کر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی۔ ادھر شمالی وزیرستان کے علاقے شیر اتلہ میر علی میں بارودی مواد پھٹنے سے 5 بچے زخمی ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق تحصیل میر علی میں واقع شیراتلہ میں برساتی نالے میں بچے خس و خشاک اکٹھا کر رہے تھے کہ کھلونا نما چیز مل گئی گھر لے جانے پر اچانک دھماکہ ہو گیا جس کے نتیجے میں تین بچیاں شاہین ، مرسیا، رابعہ جبکہ دو بچے آصف اور مبشر زخمی ہو گئے جنہیں علاج کیلئے بنوں سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا۔ ادھر کوہلو جامع مسجد کے قریب نہال خان پارک کی دیوار پر رکھا بم دھماکے سے پھٹ گیا تاہم دھماکے سے کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا تا ہم پارک کی دیوار کو معمولی نقصان پہنچا۔ ادھر سوئی کے علاقے میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں او جی ڈی سی ایل کمپنی کے دو انجینئر زخمی ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق ڈیرہ بگٹی کے علاقے زین لوٹی میں محکمہ او جی ڈی سی ایل کمپنی کی گاڑی جا رہی تھی کہ نامعلوم افراد کی جانب سے ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے اسے نشانہ بنایا گیا۔ ادھر اٹک میں خورد چیک پوسٹ پر ویگن سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق اسلحہ خیبر پی کے سے پنجاب سمگل کیا جا رہا تھا۔ علاوہ ازیں پنجگور کے علاقے افشان ندی میں سرکاری تعمیراتی کمپنی کے کیمپ پر نامعلوم دہشت گردوں نے راکٹ فائر کئے لیویز ذرائع کے مطابق راکٹ حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ صباح نیوز کے مطابق پولیس اور حساس اداروں نے بابا غریب شاہ اور کوٹ درعیہ کے علاقوں میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے 6 خواتین سمیت 11 مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا۔ سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق اگوکی پولیس نے غیر قانونی طور پر مقیم 24 افغان باشندے گرفتار کر لئے۔

ای پیپر-دی نیشن