راہداری پر بھارتی واویلا سمجھ میں آتا ہے اپنے کیوں شور مچا رہے ہیں: احسن اقبال
لاہور (آئی این پی+آن لائن) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری منصوبے پر بھارت کا چیخنا اور واویلا کرنا تو سمجھ میں آتا ہے، اپنے کیوں شور مچا رہے ہیں‘ سیاسی بنیادوں پر تنازعہ کھڑا کرنے والے سرمایہ کاروں کو خوفزدہ کررہے ہیں‘ روٹ پر سیاست چمکائی جارہی ہے، اقتصادی راہداری منصوبے پر 2013 میں دستخط ہوئے، کوئی اس سے پہلے کا معاہدہ دکھا دے یا روٹ میں تبدیلی ثابت کردے تو سیاست چھوڑ دونگا‘ اقتصادی راہداری کے مخالفین بھی اس سے فائدہ اٹھائیں گے‘ اقتصادی راہداری تمام صوبوں سے گزرے گی‘ ملک کو ترقی سے روکنے والی قوتیں منصوبے میں رکاوٹیں ڈال رہی ہیں۔ وہ پری بجٹ سیمینار سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان نے اہم معاشی اور اقتصادی کامیابیاں حاصل کی ہیں پاکستان کا تشخص دنیا بھر میں بہتر ہوا ہے۔ ماضی میں ملکی ترقی کے بہت سے مواقع ضائع کئے گئے 90کی دہائی میں سیاسی عدم استحکام سے ملکی معیشت کو شدید نقصان پہنچا۔ اقتصادی راہ داری کی صورت میں پاکستان کو ترقی کا سنہری موقع ملا ہے۔ اس کی تکمیل سے پاکستان ابھرتی معیشتوں میں شامل ہوجائے گا۔ داخلی استحکام اور امن سے غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھے گی سیاسی استحکام اور امن کا ترقی سے گہرا تعلق ہے عالمی ادارے پاکستان میں معاشی بحالی پر اعتماد کا اظہار کررہے ہیں کوئی بھی ایک سیاسی جماعت یا ادارہ ملکی مسائل کو تنہا حل نہیں کرسکتا راہداری کا مغربی روٹ 2016ء تک مکمل کرلیا جائے گا راہداری کے مجموعی طور پر تین روٹ ہیں۔ راہداری روٹ میں تبدیلی کے بلا جواز دعوے نہ کئے جائیں۔ راہداری منصوبے پر بھارت میں صف ماتم بچھ گئی بھارت کا چیخنا تو سمجھ میں آتا ہے لیکن اپنی سیاسی جماعتوں کا نہیں۔ عمران خان کی دھرنے کی ناکامی نے ثابت کردیا کہ قوم اب ملک میں عدم استحکام نہیں چاہتی اس منصوبے کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے والے پاکستان کو ترقی سے روکنا چاہتے ہیں۔ سیاسی بنیادوں پر تنازعہ کھڑے کرنے والے سرمایہ کاروں کو خوفزدہ کررہے ہیں کچھ عناصر نہیں چاہتے کہ ملک ترقی کرے جس روٹ پر سیاست چمکائی جارہی ہے وہ دسمبر 2016ء تک مکمل ہوجائے گا۔ خیبر پی کے میں سوا دو ارب کا داسو ڈیم پراجیکٹ شروع کیا گیا ہے جنوبی پنجاب میں سولر پاور منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے ان منصوبوں کی تکمیل سے یہ علاقے ترقی کریں گے۔ بلوچستان اور اندرون سندھ کے پسماندہ علاقوں کو بھی ترقی کرتے دیکھنا چاہتے ہیں۔ راہداری کے تحت توانائی کے تاریخی منصوبے لگائے جارہے ہیں جدید معیشت کے لئے ٹیکنالوجی اور ایجادات پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔ پاکستان اور چین کے ورکنگ گروپ سے مل کر راہداری روٹ کو حتمی شکل دی راہداری کو بلا وجہ متنازعہ بنا کر چین کو یہ پیغام نہ دیا جائے کہ پاکستانی قوم سرمایہ کاری سے خوش نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے حلقوں میں اضافی بیلٹ پیپرز کی سپلائی پر عمران خان کی خاموشی معنی خیز ہے‘ اب دھرنے اور ہڑتال کی سیاست نہیں چاہئے‘ چودھری نثار ناراض نہیں وہ اپنا کام کر رہے ہیں۔ جوڈیشل کمشن کے فیصلہ سے پہلے بات کرنے سے گریز کرنا چاہئے‘ ملتان کا گزشتہ جلسہ اور اب ہونیوالے جلسہ میں عوام نے ان کو واضح پیغام دیا ہے کہ اب دھرنے اور ہڑتال کی سیاست نہیں چاہئے۔ راہداری منصوبے کو ناکام بنانے کیلئے دشمن قوتیں ایڑی چوٹی کا زور لگارہی ہیں لیکن حکومت قوم سے مل کر ان عزائم کو ناکام بنائے گی۔ پاکستان نے اہم معاشی اور اقتصادی کامیابیاں حاصل کی ہیں جس کا اعتراف عالمی ادارے بھی کر رہے ہیں۔ راہداری کی تکمیل سے پاکستان ابھرتی معیشتوں میں شامل ہو جائے گا۔ راہداری پر حسد نہ دکھایا جائے۔ عمران خان اینگری ینگ مین بننے کی بجائے سنجیدہ اور سمجھدار سیاستدان بنیں۔ انہوں نے کہا کہ چودھری نثار ناراض نہیں۔ اپنا کام کر رہے ہیں۔ ہر ایک کے تحفظات ہوسکتے ہیں۔ نظام بہتر بنانے کیلئے بیوروکریسی کا دبائو بڑھ جاتا ہے۔ وزیراعظم اپنے تیسرے دور حکومت میں عوام اور پاکستان کیلئے ایک بہتر نظام کیلئے سمت درست کرنا چاہتے ہیں۔