نلتر حادثہ سے ایک ماہ قبل خواب میں دیکھا زلزلہ آ گیا: سفیر رومانیہ
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) گلگت کے قریب نلتر میں ہیلی کاپٹر حادثہ میں بچ جانے والے رومانیہ کے سفیر ایموئیل ین نے کہا ہے کہ انہوں نے اس حادثہ سے ایک ماہ قبل خواب میں دیکھا تھا کہ زلزلہ آ گیا ہے۔ میرے کمرے کی کھڑکی کھلی ہے اور سامنے نیلا آسمان ہے‘ کھڑکی کے باہر اینٹیں پڑی ہیں اور 3 بڑے درخت ہیں۔ وقت نیوز کے پروگرام ایمبیسی روڈ میں انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ جب نلتر میں ہیلی کاپٹر کا حادثہ ہوا اور میں معجزانہ طورپر بچ گیا تو اچانک میری نظر پڑی کہ ہیلی کاپٹر کے پیچھے 3 درخت ہیں اور قریب ہی اینٹیں پڑی ہوئی ہیں۔ رومانیہ کے سفیر نے کہا کہ جب میں نے خواب دیکھا تھا کہ زلزلہ آ گیا ہے تو میرے کمرے میں ایک شخص اچانک آ گیا یہ شخص مجھے پوپ فرانسس کی شکل سے ملتا جلتا لگا۔ مجھے یقین ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثہ کا شکار ہوا ہے اور کسی تخریب کاری کا نتیجہ نہیں تھا۔ گلگت کے ملٹری ہسپتال میں ڈاکٹروں نے ہماری زبردست نگہداشت کی۔ رومانیہ کے سفیر نے بتایا کہ پاکستان کے شمالی علاقے دیکھنا ہر سفارت کار کی خواہش ہوتی ہے‘ ہر سال بڑی تعداد میں رومانیہ کے کوہ پیما شمالی علاقوں میں آتے ہیں۔ یہ علاقے سیاحوں کی جنت ہیں۔
سفیر رومانیہ