• news

دہشت گردی میں ”را“ کے ملوث ہونے کے ثبوت، ”کرکٹ ڈپلومیسی“ کھٹائی میں پڑگئی

اسلام آباد (شفقت علی/ نیشن رپورٹ) رواں ماہ زمبابوے کی ٹیم کی آمد کے ساتھ ہی پاکستان میں 2009 سے معطل انٹرنیشنل کرکٹ دوبارہ شروع ہوجائیگی۔ دوسری طرف پاکستان کی جانب سے بھارت پر حالیہ الزامات کے تناظر میں دونوں ہمسایہ ممالک میں کرکٹ ڈپلومیسی شروع ہونے کے امکانات کم ہوگئے ہیں۔ ”دی نیشن“ کو موصول اطلاعات کے مطابق گزشتہ ہفتے بھارتی وزیراعظم مودی کی جانب سے ”کرکٹ ڈپلومیسی“ کے ذریعے پاکستان سے حالات بہتر کرنے کا اشارہ دیا گیا تھا تاہم پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے اس امکان کو ختم کردیا ہے۔ مودی کے اس بیان کے بعد پاکستان کی جانب سے سرد ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے۔ حالیہ ہفتوں میں پاکستان نے بھارتی خفیہ ایجنسی (را) پر پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کئے ہیں۔ 5 مئی کو کور کمانڈرز کی ایک کانفرنس میں پہلی مرتبہ اس فورم سے بھارت پر ایسے الزامات عائد کئے گئے۔ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ بھی پاکستانی سکیورٹی اداروں کو دہشت گردی کی وارداتوں میں را کے ملوث ہونے کے ثبوت ملنے کا کہہ چکے ہیں۔ کابینہ کے ایک سینئر رکن نے بتایا عام حالات میں کرکٹ ڈپلومیسی شروع ہوسکتی تھی تاہم ”را“ پاکستان میں دہشت گردی کراتی رہی تو دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ بحال نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا آپ سوچیے انہوں نے صرف اندازوں کی بنیاد پر کرکٹ معطل کردی تھی اب ہم را کے ملوث ہونے کے ثبوت کے باوجود ان کیساتھ کرکٹ کیسے شروع کرسکتے ہیں۔ مودی کے بیان کا ابتدائی طور پر پاکستانی حلقوں نے خیرمقدم کیا تھا تاہم کراچی میں اسماعیلی برادری کی بس پر حملے کے بعد معاملات خراب ہوگئے ہیں۔
کرکٹ ڈپلومیسی

ای پیپر-دی نیشن