لاہور ایئرپورٹ پر غیر ملکی پروازوں کی تعداد میں اضافہ، سہولیات مزید بہتر کرنے کا فیصلہ
لاہور (سید شعیب الدین سے) پاکستان کی قومی ایئر لائنز میں 18جہازوں کی شمولیت اور مختلف ائرپورٹس پر غیر ملکی کمپنیوں کے جہازوں کی آمدورفت میں نمایاں اضافے کے بعد سول ایوی ایشن حکام نے بڑے ائرپورٹس پر مسافروں کی سہولیات میں بہتری لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ متعلقہ حکام نے نوائے وقت کو بتایا کہ غیر ملکی کمپنیوں کے نئے روٹس متعارف ہونے کے بعد لاہور ائرپورٹ پر اور اب ایک ہفتے میں 182 پروازیں بیرون ملک سے آتی جبکہ 179 جاتی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آنیوالے دنوں میں ان پروازوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہونے کی توقع ہے، آج کل تکنیکی وجہ سے دو بڑی غیرملکی پروازیں اکٹھی لینڈ کرجائیں تو امیگریشن کاﺅنٹر سے، کنوینئر بیلٹ تک مسافروں کی پریشانی قابل دید ہوتی ہے اور کنوینئربیلٹ پر سامان کی تلاش اور حصول ایک مشکل مرحلہ ہوتا ہے، سامان کے انتظار میں اکثر ایک سے دو گھنٹے لگتے ہیں۔ ڈیپارچر لاﺅنج میں چیک اِن کیلئے لگنے والی لمبی قطاروں کی وجہ سے چلنا پھرنا مشکل ہوجاتا ہے، یہاں بھی ایک وقت میں دو یا دو سے زیادہ پروازوں کی بیک وقت چیک اِن معمول ہے اور اگر کوئی مزید پرواز تاخیر کا شکار ہوجائے تو مسافروں کیلئے کھڑے ہونے کی جگہ بھی نہیں بنتی۔ صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے سول ایوی ایشن نے انٹرنیشنل ڈیپارچر اور ارائیول ونگ کی طرف ایک نئی تعمیر شروع کرنے اور اسے انٹرنیشنل ڈیپارچر اور آرائیوںکا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے، اس کام پر 3 ارب کے لگ بھگ رقم خرچ ہوگی۔ پی سی ون بن چکا ہے عمارت کی تعمیر رواں سال کے اختتام تک شروع ہونے کا قوی امکان ہے، مسافروں کیلئے اضافی چیک اِن کاﺅنٹر، اضافی امیگریشن کاﺅنٹر، نئی بیگیج بیلٹ میں کمی ہوگی، لاہور ائرپورٹ پر اس وقت 7 بورڈنگ برج موجود ہیں، نئے پراجیکٹ میں ایک سے دو بورڈنگ برج کا بھی اضافہ کیا جائیگا۔
لاہور ائرپورٹ