• news

چودھری سرور کی کنٹونمنٹ الیکشن میں شکست پر تحقیقاتی کمیٹی کی سربراہی سے معذرت

لاہور (جواد آر اعوان/ نیشن رپورٹ) سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور نے تحریک انصاف کی کنٹونمنٹ ایریاز میں بلدیاتی انتخابات میں شکست کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی کمیٹی کی سربراہی سے معذرت کرلی۔ انہوں نے پارٹی قیادت کو بھی باقاعدہ آگاہ کردیا ہے۔ گزشتہ ماہ کنٹونمنٹ ایریاز میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف خاطرخواہ کامیابی حاصل نہیں کر سکی تھی جس کی وجوہات جاننے کے لئے عمران نے یکم مئی کو چوہدری سرور کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی تھی جس نے اب تک کام شروع نہیں کیا۔ چودھری سرور نے ”دی نیشن“ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میں نے کمیٹی کی سربراہی سے اس لئے معذرت کی ہے کہ کیونکہ میں پارٹی میں نیا ہوں اور ٹکٹ دینے کے نظام اور دیگر معاملات کو نہیں سمجھتا۔ بہتر یہی تھا کہ اس معاملے کو پارٹی کے پرانے رہنماﺅں پر چھوڑ دیا جاتا۔ تاہم ذرائع نے بتایا کہ چودھری سرور نے اس وجہ سے کمیٹی کی سربراہی سے معذرت کی کیونکہ وہ پارٹی کی پرانی قیادت سے کسی طرح کا تنازع یا لڑائی نہیں چاہتے تھے۔ اس حوالے سے سابق گورنر سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا میں نے کمیٹی کی سربراہی سے معذرت کی وجہ بتا دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ”مرسی بچاﺅ“ کے نام سے مہم شروع کر رہے ہیں۔ اس حوالے سے میں برطانوی اور یورپی یونین کے ارکان کو خط لکھوں گا تاکہ مرسی کے عدالتی قتل کے خلاف رائے عامہ بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا میں نے ماضی میں ذوالفقار بھٹو کو بچانے کے لئے بھی مہم شروع کی تھی۔ مرسی کو بچانے کی مہم تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے بھی شروع کی جا سکتی ہے تاہم اس حوالے سے فیصلہ کور کمیٹی کرے گی۔ دریں اثناءتحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چودھری نے گوجرانوالہ میں ایک اجلاس میں ناصمہ چیمہ کے تحریک انصاف میں شامل ہونے اور پی پی 97 کے ضمنی الیکشن میں پارٹی کا امیدوار ہونے کا اعلان کیا۔ آن لائن کے مطابق چودھری سرور نے ذایت مصروفیات کی وجہ سے کنٹونمنٹ بورڈ کے حوالے سے تحقیقاتی کمیٹی کی سربراہی سے معذرت کی ہے۔
چودھری سرور

ای پیپر-دی نیشن