”خراب تعلیمی کارکردگی“ پاکستان افرادی قوت کی عالمی درجہ بندی میں 113 ویں نمبر پر آگیا، اڑھائی کروڑ بچے سکول نہیں جاتے
واشنگٹن (آن لائن) عالمی اقتصادی فورم کی طرف سے افرادی قوت انڈیکس سے متعلق جاری کردہ ایک تازہ رپورٹ میں بتایا ہے کہ پاکستان اس حوالے سے دنیا کے 124 ملکوں میں سے 113 نمبر پر ہے جس کی ایک بڑی وجہ تعلیم کے شعبے میں اس کی خراب کارکردگی ہے۔ پاکستان میں تعلیم کا شعبہ اس لحاظ سے حکومتی عدم توجہی کا شکار رہا ہے کہ اس کے لیے سالانہ قومی بجٹ کا صرف دو فیصد ہی مختص کیا جاتا ہے جب کہ ماہرین مجموعی قومی پیداوار کا چار فیصد صرف کرنے پر زور دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ ملک میں سکول جانے کی عمر کے تقریباً اڑھائی کروڑ بچے بھی سکول نہیں جاتے جس کی وجہ غربت اور سکولوں تک بہت سے لوگوں کی رسائی نہ ہونا بتائی جاتی ہے۔ عالمی اقتصادی فورم کی رپورٹ میں بھارت 124 ملکوں میں سے سویں نمبر پر ہے جب کہ ایشیا میں صرف جاپان کی صورتحال قابل ذکر ہے جس کا نمبر پانچواں ہے۔
خراب تعلیمی کارکردگی