بھارت پاکستان میں امن کوششوں کو سبوتاژ، دہشت گردوں کو سپورٹ کر رہا ہے: خواجہ آصف
پسرور + سیالکوٹ (نامہ نگاران) وفاقی وزیر دفاع اور پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان میں امن کی کوششوں کو سبوتاژ کر رہا ہے اور دہشت گردوں اور دہشتگردی کو سپورٹ کر رہا ہے۔ پاک فوج دہشت گردی کے عفریت پر قابو پا لے گی، 3سال کے اندر لوڈ شیڈنگ بتدریج ختم ہو جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل پسرور کے قصبہ کنگرہ میں ایک بڑے عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کراچی، بلوچستان اور خیبر پی کے میں شرپسندوں کی مدد کرتی ہے اور جب ملک میں امن وامان کی مثالی صورتحال قائم ہونے لگتی ہے تو بارڈرز پر چھیڑ خانی شروع کر دی جاتی ہے۔ پاک فوج عوام کے تعاون سے جلد دہشت گردی کو مکمل طور پر ختم کر دے گی انہوں نے بتایا کہ 3سال کے اندر پاکستان میں بتدریج لوڈ شیڈنگ کم ہو گی اور پھر ختم ہو جائے گی اس کے لئے چین کے تعاون سے پاور پلانٹس نصب کئے جا رہے ہیں انہوں نے بتایا کہ سیالکوٹ سے لاہور تک 57ارب روپے کی لاگت سے ایکسپریس وے بنائی جائے گی جس کا ٹینڈرز آئندہ 48گھنٹوں میں مشتہر کر دیئے جائیں گے انہوں نے سیالکوٹ تا کنگرہ دورویہ سڑک اور گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج باجرہ گڑھی کے منصوبہ جات کا افتتاح کیا۔ رکن قومی اسمبلی چودھری ارمغان سبحانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وصوبائی حکومت بجوات اور پسرورکے سرحدی دیہات کے عوام کو ہر ممکن مراعات دے گی اور سیلاب اور بھارتی بارڈر سکیورٹی فورسز کی بزدلانہ فائرنگ اور شیلنگ سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا رانا لیاقت علی ایم پی اے نے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بارشوں سے گندم کو پہنچنے والے نقصان اور بھارتی سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے زیرولائن پر واقع دیہات میں کسانوں کے مرنے والے مویشیوں کی تفصیلات لی جائیں اور متاثرہ کاشتکاروں کو خصوصی گرانٹس دی جائیں۔ خواجہ آصف نے خطاب میں مزید کہا کہ پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے پرامن تعلقات کا فروغ چاہتا ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج نے پاکستان کے دفاع کو انتہائی مضبوط بنا دیا ہے۔ دہشت گردوں کے مکمل خاتمہ تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا۔ پوری پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ مادروطن کے دفاع کےلئے اپنی جانوں تک کے نذرانے دینے کے لئے تیار ہے۔ ملک سے اندھیروں کا بحران آئندہ تین سال میں ختم ہو جائے گا۔سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق خواجہ آصف نے مزید کہا ہے کہ شہریوں کو اعلیٰ معیار کی سہولیات زندگی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اس سلسلہ میں وسائل بروئے کا رلائے جارہے ہیں ۔ یہ بات انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب پکا گڑھا سیالکوٹ میں سوئی گیس کی پائپ لائن ڈالنے کے منصوبے کا افتتاح کرنے بعد علاقہ کے مکینوں سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہی۔ محمد منشاءاللہ بٹ ، چودھری اکرام، محمد فاروق گھمن، چودھری تنویر، شیخ شہباز، میاں ارشد کے علاوہ کثیر تعداد میں مسلم لیگ ن کے مقامی عہدیدار اور ارکان بھی موجود تھے۔ منشااللہ بٹ نے بتایا کہ نئی پائپ لائن سے ان علاقوں میںسوئی گیس کی کے پریشر کا مسئلہ بھی حل ہوجائے گا۔
خواجہ آصف