پاکستانی پرچم لہرا کر کشمیری قوم اپنے جذبات کا اظہار کرتی ہے: آسیہ اندرابی
قلعہ دیدار سنگھ (نامہ نگار )دختران ملت مقبوضہ کشمیر کی سربراہ سیدہ آسیہ اندرابی نے جماعۃالدعوۃ شعبہ خواتین کے زیر اہتمام تحفظ حرمین شریفین کانفرنس سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جموں کشمیر بھارت نہیں پاکستان کا حصہ ہے۔ پاکستانی پرچم لہرا کر کشمیری قوم اپنے جذبات کا اظہار کرتی ہے۔بغاوت کے مقدمات کی پرواہ نہیں‘ پاکستان سے محبت کا اظہار کرتے رہیں گے۔ بھارت طاقت و قوت کے بل بوتے پر کشمیرپر زیادہ دیر تک غاصبانہ قبضہ برقرار نہیں رکھ سکتا۔پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی و تخریب کاری میں بھارت ملوث ہے۔ حرمین شریفین کا تحفظ ہر مسلمان پر فرض ہے۔ خواتین بھی اس عظیم فریضہ کی ادائیگی سے پیچھے نہیں رہیں گی۔ مرکز اُم القریٰ طیبہ روڈ میں ہونیوالی خواتین کی کانفرنس سے جماعۃالدعوۃ پاکستان شعبہ خواتین کی نگران آپا اُم حماد، آپا اُم حسنات، اُم عبدالصمد، اُم عابد ودیگر نے خطاب کیا۔ آسیہ اندرابی نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر میں خواتین کا بھی بہت بڑا کردار ہے ۔ بھارت آٹھ لاکھ فوج کے ذریعہ کشمیر میں بدترین مظالم ڈھارہا ہے۔ نہتے کشمیریوں کی نسل کشی کی جارہی ہے ،مظلوم کشمیری عوام کی جان و مال اور عزتیں محفوظ نہیں ہیں لیکن اس کے باوجود کشمیریوں کے عزم و حوصلہ میں کوئی کمی نہیں آئی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہندو انتہاپسند تنظیم بی جے پی نے سولہ مئی کو سری نگر میں بھارتی ترنگا لہرانے کا اعلان کیا تھا تاہم وہ تو سری نگر نہیں پہنچ سکے البتہ ہم نے ایک بار پھر پاکستان کے سبز ہلالی پرچم ضرور لہرائے ہیں۔آپا اُم حماد نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اسلام دشمن قوتیں پاکستان میں مغربی کلچر اور ہندووانہ رسوم و رواج پروان چڑھانے کیلئے بے پناہ سرمایہ خرچ کر رہی ہیں۔