پشاور:630پولنگ سٹیشن حساس قرار بلدیاتی الیکشن کیلئے سکیورٹی پلان تشکیل
پشاور ( آن لائن )صوبائی دارلحکومت پشاور میں 30 مئی کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لئے سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا گیا ہے جس کے تحت 630 پولنگ سٹیشنز حساس قرار دے دیئے گئے ہیں۔انتخابات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے شہر بھر میں سات ہزار پولیس اہلکار بھی تعینات کئے گئے ہیں۔ خیبر پی کے میں تیس مئی کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن تیاریوں کو حتمی شکل دے رہا ہے۔ تاہم صوبائی دارلحکومت پشاور اور مضافاتی علاقوں میں الیکشن کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے جامع سکیورٹی پلان تیار کر لیا گیا ہے۔ انتخابات کے موقع پر سات ہزار پولیس اہلکاروں کے ساتھ ساتھ ریزرو فورس کے جوان بھی فرائض سرانجام دینگے۔سی سی پی او اعجاز احمد کا کہنا ہے کہ شہر کے مضافاتی علاقوں میں پولیس کے خصوصی دستے تعینات رہیں گے۔ انتخابات کے دوران 630پولنگ سٹیشنز حساس قرار دے دیئے گئے ہیں۔