• news

اے پی سی کے بعد پاک چائنہ اقتصادی راہداری کو متنازعہ بنانا تشویشناک ہے: اعجازالحق

حافظ آباد(نمائندہ نوا ئے وقت) پاکستان مسلم لیگ (ضیائ) کے سربراہ سابق وفاقی وزیر محمد اعجاز الحق نے کہا کہ اے پی سی کے بعد پاک چائنہ اقتصادی راہداری کو متنازعہ بنانا تشویشناک ہے۔ حکومت نے اے پی سی میں حقائق سامنے رکھ کر تمام جماعتوں کو اعتماد میں لیا تھا۔ اگر کسی کو شکوک و شبہات ہیں تو وہ دور کر لے۔ پاک چائنہ اقتصاری راہداری کو سیاسی رنگ دے کر کالا باغ ڈیم کو متنازعہ نہ بنایا جائے۔ گزشتہ روز لاہور سے اسلام آباد جاتے ہوئے کوٹ سرور انٹر چینج پر صحافیوں کے گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے اعجاز الحق نے کہا کہ حکومت کراچی میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ اگر وہ لا ء اینڈ آرڈر درست کرنے میں کامیاب نہ ہوئی تو آئین کے اندر رہتے ہوئے پھر متبادل راستہ تلاش کرنا پڑے گا۔ دشمن پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش میں ہیں۔ سیاسی اور انتظامی طور پر گوادر سے خوفزدہ ممالک پاکستان میں افراتفری پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی وقت ہے کہ انتخابی اصلاحات کر کے آنے والے انتخابات کو صاف اور شفاف بنایا جائے۔ پی ٹی آئی کو چاہیے کہ وہ جوڈیشل کمیشن کے ساتھ ساتھ پارلیمنٹ کی انتخابی اصلاحاتی کمیٹی پر بھی توجہ دے۔

ای پیپر-دی نیشن