جھنگ: گھر پر چھاپہ، تھانیدار کے تشدد سے شہری ہلاک، لواحقین کا نعش رکھ کر احتجاج
جھنگ ( نامہ نگار) تھانہ سیٹلائیٹ ٹائون کے سب انسپکٹر نے ریڈ کے دوران بے قصور شہری کو تشدد کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ لواحقین کا لاش ڈی ایچ کیو ہسپتال کے باہررکھ کر احتجاج، ڈی ایس پی سٹی سر کل کا لواحقین کو بھر پور انصاف دلانے کا وعدہ۔ تھانہ سیٹلائیٹ ٹائون کے سب انسپکٹر محمد اسلم خان بلوچ نے مدو کی کے رہائشی 50 سالہ مظفر کے رشتہ دار کی گرفتاری کے لئے گھر میں چھاپہ مارا، خواتین کی طرف سے مزاحمت پر مظفر سپرا نے آگے بڑھ کر معاملہ رفع دفع کرانے کی کوشش کی اس دوران پولیس کی طرف سے اسے رائفل کے بٹ مارے گئے جس کے نتیجہ میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا جس کے بعد لواحقین لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے ڈی ایچ کیو ہسپتال لے گئے اور احتجاج کیا ۔ بعدازاں مقامی ایم پی اے نے وارثان سے مذاکرات کیے جس پر وارثان نے انصاف کی یقین دہانی پر احتجاج ختم کر دیا۔ سب انسپکٹر اور اس کے دیگر ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔