• news

رحیم یار خان: کمسن بہن بھائی، وادی سون میں طالب علم ڈوب کر جاں بحق

رحیم یار خان + وادی سون (نامہ نگار + صباح نیوز) مختلف واقعات میں کمسن بہن بھائی اور ایک طالب علم ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق رحیم یار خان میں 2کمسن بہن بھائی شریف مائنر میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔ بستی حانسلا موضع پرارں شریف کے 5 سالہ ارسلان اور 7 سالہ سائرہ نزدیکی مسجد سے قرآن پاک پڑھ کر اپنے نانا واحد بخش کے گھر جارہے تھے کہ شریف مائنر جس پر پل نہیں ہے اور نہر کو عبور کرنے کیلئے بجلی کا کھمبا بطور پل استعمال کیا جارہا ہے، سے گزر رہے تھے کہ توازن برقرار نہ رکھنے کے باعث دونوں شریف مائنر میں گر کر ڈوب گئے۔ ریسکیو عملہ نے 3 گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد نعشیں نکال کر ورثاء کے حوالے کردیں۔ کمسن بچوں کے ڈوب کر جاں بحق ہونے پر علاقہ میں کہرام مچ گیا اور ہر آنکھ اشک بار ہوگئی۔ حادثہ شریف مائنر پر پل کی تعمیر نہ ہونے کے باعث پیش آیا۔ دوسری طرف وادی سون کے موضع کھبیکی کے نواحی علاقہ کنہٹی گارڈن کے چشمہ میں مقامی کالج کے تین طالب علم ڈوب گئے جن میں سے دو کو بے ہوشی کی حالت میں نکال لیا گیا جبکہ ایک جانبر نہ ہو سکا۔ کیڈٹ کالج کے چھ طالب علم اتوارکی چھٹی کی وجہ سے سیر کیلئے کنہٹی باغ پہنچے اور نہاتے ہوئے آبشار کے نیچے گہرے پانی میں چلے جانے کی وجہ سے ڈوب گئے۔ وہاں موجود مقامی افراد نے ڈوبتے ہوئے دو طلبہ کو بے ہوشی کی حالت میں نکال لیا ، ہوش آنے پر انہوں نے بتایا ان کے ساتھ ایک اور دوست بھی تھا جسے ایک گھنٹے کی تلاش کے بعد مردہ حالت میں نکال لیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن