اقتصادی راہداری کاشغر سے گوادر تک بنائی جائے‘ رائیونڈ تک نہیں: حافظ حسین
ملتان (نامہ نگار خصوصی) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ اقتصادی کوریڈور کو متنازعہ نہ بنایا جائے اور جو نقشہ بنا تھا اسی پر ہی عمل کیا جائے۔ اقتصادی راہداری کاشغر سے گودار تک بنائی جائے، کاشغر سے رائے ونڈ تک نہیں۔ ان خیالات کا اظہار ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین کے صدر دورہ پاکستان کے موقع پر کے پی کے‘ بلوچستان اور سندھ کے وزیراعلیٰ موجود نہیں تھے۔ صرف میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف تھے۔ اس طرح اقتصادی راہداری کی ابتدا ڈبل سواری سے شروع ہوئی ہے۔ حافظ حسین احمد نے کہا کہ ذوالفقار مرزا نے آصف زرداری پر جو الزام لگائے ہیں وہ اس کا سامنا کریں۔ اگر الزام غلط لگائے ہیں تو پھر الزام لگانے والوں کو سزا ہونی چاہیے اور اگر الزام درست ہیں تو پھر جس پر الزامات لگے ہیں اسے سزا ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی نے چار رکنی کمیٹی مولانا اللہ وسایا‘ مولانا الیاس چنیوٹی ایم پی اے‘ قاری محمد رفیق اور مولانا محمد اسماعیل شجاعبادی پر مشتمل بنائی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید اگر چاہیں تو اس کمیٹی کے سامنے اپنے عقیدے کی وضاحت کریں انہیں سیخ پا ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز رشید نے مدارس کو جہالت کی یونیورسٹیاں کہہ کر جو تنقید کی ہے اس کے لئے ہم انہیں مناظرے کا چیلنج کرتے ہیں وہ جہاں چاہیں ہم سے مناظرہ کر لیں۔