• news

بلدیاتی الیکشن: خیبرپی کے میں جلسوں کے اعلان پر عمران کی پرسوں الیکشن کمشن طلبی

اسلام آباد (ایجنسیاں) لوئر دیر کے ضمنی انتخاب میں خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکے جانے کے معاملہ پر الیکشن کمشن نے غیر سرکاری تنظیموں اور سول سوسائٹی کے ارکان کو 21 مئی کیلئے نوٹسز جاری کر دیئے جبکہ  خیبر  پی کے  میں بلدیاتی انتخابات  کے ضابطہ اخلاق  کی خلاف ورزی  پر 21 مئی  کو عمران خان کو طلب کر لیا ہے۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا ہے  خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکنا بڑا جرم ہے، ذمہ داروں کو سخت سزا دی جائے گی۔  میڈیا رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن نے خواتین کو حق رائے دہی سے محروم رکھنے کا نوٹس لے لیا، پی کے 95 لوئر دیر کے ضمنی انتخاب میں کسی خاتون نے ووٹ کاسٹ نہیں کیا تھا۔چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کی سربراہی میں 3 رکنی کمیشن نے معاملے کی سماعت کی، ریٹرننگ افسر اور امیدواروں نے  تحریری بیان اور وضاحت جمع کروائی۔چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ ووٹ ڈالنا خواتین کا جمہوری،  سیاسی اور بنیادی حق ہے، الیکشن کمیشن کے ہوتے ہوئے خواتین کو ان کے حق سے محروم نہیں کیا جاسکتا، ایسی زیادتی بالکل برداشت نہیں کی جائے گی۔ کمشن نے  چیف سیکریٹری خیبر پی کے  کو بھی آئندہ سماعت پر دوبارہ طلب کرلیا۔ دوسری جانب  الیکشن کمشن نے  عمران خان کو بلدیاتی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی   پر نوٹس جاری کر  دیا ہے۔  خیبر پی کے  کے  وزراء مشتاق غنی اور حبیب الرحمان کو بھی بلدیاتی انتخابات کے دوران جلسے کر کے دیہی علاقوں میں ترقیاتی بجٹ کے اعلان کرنے پر …… طلب کیا گیا ہے، عمران خان جہاں جہاں  خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے وضاحت دینا ہو گی۔  الیکشن کمشن نے خیبر پی کے میں جلسوں کا اعلان کرنے پر عمران خان کو نوٹس جاری کرکے 21 مئی کو وضاحت کیلئے طلب کر لیا ہے۔چیئرمین تحریک انصاف نے خیبر پی کے میں تمام جلسے منسوخ کردیئے۔ ترجمان پی ٹی آئی شیریں مزاری نے کہا ہے کہ جلسے منسوخ کرنے کا فیصلہ الیکشن کمشن کے نوٹس کی وجہ سے کیا گیا۔ ارکان اسمبلی کو ضابطہ اخلاق کی پابندی کی ہدایت کردی گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن