• news

ڈرون حملوں سے دہشت گردی کیخلاف اقدامات متاثر ہو رہے ہیں فوری بند کئے جائیں: پاکستان

اسلام آباد (ایجنسیاں) پاکستانی دفتر خارجہ نے 16مئی کو شمالی وزیرستان میں کئے گئے ڈرون حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملے پاکستان کے استحکام اور جغرافیائی سالمیت کی خلاف ورزی اور عدم اعتماد کا باعث ہیں، انہیں فوری طور پر بند کیا جائے، ڈرون حملوں سے دہشت گردی کے خلاف کیے جانے والے اقدامات متاثر ہورہے ہیں، ضرب عضب آپریشن کے دوران اس طرح کے حملے عدم اعتماد پیدا کرتے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ نے ایک بیان میں کہا کہ 16مئی 2015 کو شمالی وزیرستان میں ڈرون حملے کے نتیجہ میں کئی افراد جاں بحق ہوئے۔ ہم ان حملوں کو پاکستان کے استحکام اور جغرافیائی سالمیت کی خلاف ورزی قرار دیتے ہیں۔ آپریشن ضرب عضب کے دوران اس طرح کے ڈرون حملے عدم اعتماد کا باعث ہیں۔ علاقہ میں ضرب عضب آپریشن کامیابی سے جاری ہے۔ ڈرون حملوں سے دہشت گردی کے خلاف کئے جانے والے اقدامات متاثر ہورہے ہیں۔ اس طرح کے واقعات عوام میں نفرت اور بداعتمادی کا باعث بنتے ہیں۔ پاکستان ان حملوں کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کرتا ہے۔اس قسم کی کارروائیاں مقامی آبادی میں بد اعتمادی اور نفرت کا باعث بن رہی ہیں ۔ شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے اور حکومت کی توجہ ضرب عضب سے متاثرہ آبادی کی بحالی پر مرکوز ہے۔ ڈرون حملے حکومت کی عوام کا اعتماد حاصل کرنے کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ 16 مئی کو شمالی وزیرستان میں امریکی ڈرون حملے میں کئی افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے تھے۔ شمالی وزیر ستان امریکی ڈرون حملوں کا نشانہ بنا ہوا ہے۔ گزشتہ برس یہاں 19 حملے ہوئے جبکہ رواں برس اب تک 5 ڈرون حملے ہو چکے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق 4 جنوری 2015کو شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں الواڑہ منڈی کے قریب ڈرون حملے میں 7 شدت پسند مارے گئے۔15 جنوری 2015 کو تحصیل شوال کے ہی سرحدی علاقے میں ایک میزائل حملے میں6 شدت پسند ہلاک ہوئے۔19 جنوری 2015ء کوتحصیل شوال کے علاقے دبر میں امریکی جاسوس طیارے کے میزائل حملے میں کم از کم3 افراد ہلاک ہوئے۔19 مارچ 2015 ء کو پاک افغان سرحدی علاقے میں ہونے والے امریکی ڈرون حملے میں حکیم اللہ محسود کا قریبی ساتھی اور ذاتی محافظ کمانڈر خاورے محسود ہلاک ہوا۔16 مئی 2015 کوتحصیل شوال میں امریکی جاسوس طیارے کے حملے میں3 غیر ملکیوں سمیت کم سے کم 5 افراد ہلاک اور2 زخمی ہوئے۔

ای پیپر-دی نیشن