• news

دہشتگردی کیخلاف جنگ میں کامیابی کیلئے چابکدستی اور معلومات ضروری ہیں، آرمی چیف

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے فوج نے حالیہ آپریشنوں  میں شاندار  کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انتہائی مشکل حالات کے دوران نہایت دشوار گزار علاقوں سے دہشت  گردوں کی کمین گاہوں کا صفایا کیا اور یہ کامیابیاں فوجی افسروں اور جوانوں کی  جسمانی فٹنس کی بدولت ہی ممکن ہوئی ہیں۔ ان کامیابیوں کی وجہ سے پاکستان آرمی کی صلاحیت کو دنیا بھر میں تسلیم کیا جاتا ہے اور قوم کو بھی اپنی فوج پر بجا فخر ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے کھاریاں میں جسمانی چوکسی اور عسکری مستعدی  کے مقابلوں  کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔آرمی چیف نے ان مقابلوں کی وجہ سے حاصل کردہ نئے جسمانی معیارات پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا زمانہ امن میں ان سخت مشقوں کو جاری رکھنا  مستقبل میں کثیر الجہتی چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے بہت اہمیت کا حامل ہے۔ آرمی چیف نے کامیاب  افسروں اور جوانوں میں اسناد اور انعامات تقسیم کئے۔ اس تقریب میں فوج کے سو فیصد فٹ  جوان اور پانچ عدد سپر فٹ جوانوں  میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ نائیک محمد متین کو ان مقابلوں کا سب سے کامیاب کھلاڑی قرار دیا گیا۔ سپاہی اللہ داد، نائیک متین،گنر سکندر حیات، سپاہی نوید اشرف اور نائیک  قاسم علی نے عسکری  کارکردگی میں انعامات حاصل کئے۔ اے پی پی کے مطابق افسروں، جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف نے انسداد دہشت گردی کے آپریشنز کی کامیابی کیلئے فوجیوں کی جسمانی اور جنگی صلاحیت کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا حالیہ آپریشنز میں ہماری کامیابی نمایاں رہی۔ ہم نے دہشت گردوں کے بڑی تعداد میں دور افتادہ علاقوں کو صاف کردیا ہے اور جوانوں و افسران نے انتہائی آزمائشی حالات میں اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے جس کی بدولت ہماری فوج کا شمار اب دنیا کی بہترین افواج میں ہو رہا ہے اور قوم کو اس پر بڑا فخر ہے۔ انہوں نے کہا ہمیں کثیرالجہتی چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے زمانہ امن میں سخت تربیت جاری رکھنی چاہئے۔ انہوں نے نئے فزیکل سٹینڈرڈز کے مقاصد پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا جو اس نئے فٹنس نظام کے ذریعہ حاصل کئے گئے ہیں اور یہ مستقبل کے جنگی ماحول کیلئے اہمیت کے حامل ہیں۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کھاریاں چھائونی کا دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے افسروں اور جوانوں کے نئے فیزیکل سٹینڈرڈ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا  جدید جنگوں کے ماحول میں جسمانی فٹنس اہمیت کی حامل ہے۔ انسداد دہشت گردی کیخلاف آپریشنز میں جوانوں کی انفرادی جسمانی صلاحیت کامیابی کیلئے ضروری ہے۔ ہمیں امن کے دور میں بھی سخت ٹریننگ جاری رکھنی چاہئے۔ انہوں نے کہا دہشت گردی کیخلاف حالیہ آپریشن میں ہماری کارکردگی شاندار ہے۔ مشکل حالات میں مشکل علاقوں کو دہشت گردوں سے پاک کیا۔ ان آپریشنز کی وجہ سے پوری دنیا میں پاکستان آرمی کو سراہا جاتا ہے۔ دہشت گردی کیخلاف کامیابیوں کے نتیجے میں قوم پاکستان آرمی پر بجا طور پر فخر کر سکتی ہے۔ آرمی چیف نے کہا مستقبل میں بھی کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کیلئے ہر وقت تیار رہنا چاہئے۔ آرمی چیف نے کہا جسمانی صحت کے نئے معیار مستقبل کے میدان جنگ میں لازمی ہونگے۔ آرمی چیف نے فوجیوں کی انفرادی مستعدی اور حربی معلومات کو ضروری قرار دیا۔ آرمی چیف نے کہا دہشت گردی کیخلاف جنگ میں کامیابی کیلئے چابکدستی اور معلومات ضروری ہیں۔ دہشت گردوں سے بڑے علاقے خالی کرالئے گئے ہیں۔ مزید براں وزیراعظم محمد نوازشریف سے پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے ملاقات کی جس میں ملک کی اندرونی و بیرونی سکیورٹی کی صورتحال اور ملکی سلامتی کے امور پر بھی اہم تبادلہ خیالات کیا گیا۔ وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی اس اہم ملاقات میں کراچی سانحے کے بعد ملک میں امن و امان کی صورتحال اور دہشت گردی واقعات میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے ملوث ہونے کی رپورٹوں پر غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں کراچی آپریشن، آپریشن ضرب عضب سمیت دیگر امور بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ممکنہ طور پر رواں ہفتے ’’را‘‘ کی پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کے حوالے سے ممکنہ طور پر بلائے جانیوالے اجلاس کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن