• news

خوش آمدید زمبابوے کرکٹ ٹیم

چھ سال دو ماہ اور 16 روز کے بعد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے دروازے کھل رہے ہیں۔ زمبابوے کرکٹ ٹیم کی آمد پاکستان کرکٹ کی ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔ چھ سال پہلے پنجاب میں گورنر راج کے دوران مہمان سری لنکن ٹیم کی بس پر دہشت گردی کا حملہ ہوا تھا۔ اﷲ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ اس واقعہ میں مہمان سری لنکن ٹیم کے کھلاڑی صرف زخمی ہوئے تھے جبکہ پاکستان کے 8 سیکورٹی اہلکاروں سمیت دو راہگیر جان کی بازی ہار گئے تھے۔ اس واقعہ کے ذمہ داران کے خلاف آج تک ایکشن نہیں ہو سکا ہے، چند افسران کی غفلت سے پیش آنے والے واقعہ کے بعد پاکستانی کھیل میدان چھ سال سے انٹرنیشنل مقابلوں کی راہ دیکھ رہے ہیں۔ بعض لوگ زمبابوے کرکٹ ٹیم کی آمد پر بھی اپنی دکانداری چمکانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ پوری دنیا میں سپورٹس ایک انڈسٹری کا روپ دھار چکی ہے اگر ایسے میں ہمارے ملک میں کرکٹ بحال ہوتی ہے تو اس سے ہماری سپورٹس کی اشیا بنانے والی انڈسٹری پروان چڑھے گی بلکہ پاکستان کے ڈومیسٹک کرکٹ پر بھی اس کے مثبت اثرات پڑیں گے۔ نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا بلکہ ہر گلی محلے میں کرکٹ ہوتی دکھائی دے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی انتظامیہ مبارکباد کی مستحق ہے جس نے ایک مشکل وقت میں بے شک چھ سال بعد ہی کرکٹ کی بحالی کی کوشش کی اور اس میں کامیاب بھی رہی۔ چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے ماضی میں بھی پاکستان بھارت کرکٹ تعلقات کی بحالی کے لئے کردار ادا کیا تھا ایک مرتبہ پھر ان کی وجہ سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی ہونے جا رہی ہے۔ اس مختصر سیریز کے تمام میچز صرف ایک وینو قذافی سٹیڈیم میں ہو رہے ہیں ایک بات ضرور ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے لاہور میں ہونے والے واقعہ کی وجہ سے یہ بند ہوئے تھے اور اب لاہور ہی سے انٹرنیشنل کرکٹ دوبارہ بحال ہو رہی ہے۔ اس بات کو کبھی نہیں بھلایا جا سکتا ہے کہ زمبابوے نے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی میں کردار ادا کیا ہے۔ زمبابوے کرکٹ ٹیم کو اپنے میدانوں میں آسان حریف نہ لیا جائے بلکہ پوری قوت کے ساتھ ٹیم کو میدان میں اتارا جائے۔مہمان ٹیم کو سکیورٹی فراہم کرنے کے لئے پنجاب حکومت اور سپورٹس بورڈ کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کی تعریف کرنا بھی ضروری ہے۔ سیکورٹی پر معمور، رینجرز، پولیس اور سپیشل برانچ کے اہلکاروں کے کردار کو کسی طور پر نظر انداز نہیں کیا جا سکتا جنہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لئے انتھک محنت کی ہے۔ زمبابوے کرکٹ ٹیم آپ کا شکریہ آپ نے ہماری کرکٹ کو ایک مرتبہ پھر زندہ کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

چودھری محمد اشرف

چودھری محمد اشرف

ای پیپر-دی نیشن