انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی خوش آئلند ہے ، شائقین بھی اچھے پاکستانی ہونے کو ثبوت دیں
لاہور (سپورٹس رپورٹر/نمائندہ سپورٹس) پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی خوش آئند ہے، شائقین کرکٹ کو سکیورٹی اداروں کے ساتھ اچھا تعاون کرکے پوری دنیا میں مثبت تاثر قائم کرنا چاہئے۔ سیریز کو آسان نہ لیا جائے۔ مضبوط سکواڈ میدان میں اُتارا جائے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان ٹیم کے سابق منیجر اظہر زیدی، سابق کپتان سلمان بٹ، سپورٹس رپورٹر نوائے وقت چودھری اشرف، دی نیشن کے سپورٹس رپورٹر اظہر مسعود خان نے وقت نیوز کے پروگرام وقت سپیشل میں کیا۔ میزبان اسامہ طیب اور پروڈیوسر میاں عمران عباس تھے۔ اظہر زیدی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے اپنا کردار دا کر دیا۔ صوبائی حکومت اور سکیورٹی اداروں کو مہمان ٹیم کو فول پروف سکیورٹی فراہم کریں۔ چھ سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہونا خوش آئند ہے۔ شائقین بھی اچھے پاکستانی ہونے کا ثبوت دیں۔ سابق کپتان سلمان بٹ نے کہا ماضی میں جو کچھ ہو گیا اسے بھول کر اب آگے بڑھنا ہو گا۔ چودھری اشرف نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی سے ملک میں سپورٹس انڈسٹری ترقی کرے گی۔ پنجاب حکومت اور سپورٹس بورڈ پنجاب کے کردار کو کسی طور پر نظراندازنہیں کیا جانا چاہئے۔ اظہر مسعود نے کہا وقت کی اہم ضرورت ہے کہ اب پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہو۔ پی سی بی سمیت تمام سکیورٹی ادارے مبارکباد کے مستحق ہیں۔