• news

بھارتی حکومت پاکستان چین اقتصادی تعاون کے فروغ سے شدید پریشان ہے: احسن اقبال

نارووال+ شکرگڑھ (نامہ نگار)وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال چودھری نے انجمن ِشہریاں و تاجران نارووال کے زیر اہتمام ’’پاکستان چین دوستی زندہ باد‘‘ کے عنوان سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے پاکستان چین دوستی کی مثال نہیں ملتی یہی وجہ ہے کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے وزرات ِ عظمٰی کا منصب سنبھالنے کے بعد سب سے پہلا سرکاری دورہ چین کاکیا پاکستان چین لازوال دوستی کے نتیجہ میں چین کے تعاون سے 47ارب ڈالر کے منصوبے شروع ہو چکے ہیں۔ منصوبوں کی مفاہمت کی یاداشت پر نارووال کے منتخب نمائندے نے دستخط کیے اُس وقت مجھے اہل ِنارووال کی محبت بہت یاد آئی کیونکہ یہ آپ لوگوں کا انتخاب ہی تھا جس نے مجھے اِس قابل بنایا مقامی ایم پی اے خواجہ محمد وسیم بٹ، رانا منان خان ایم پی اے، ضلعی صدر مسلم لیگ ن ملک طارق محمود اعوان بھی وفاقی وزیر کے ساتھ تھے۔ اِس موقع پر انجمن ِ شہریاں و تاجراں کے ذمہ داران کے علاوہ معززین ِ شہر کی کثیر تعداد جن میں حاجی الیاس احمد بٹ، شیخ ثائر علی، علامہ قاضی محمد یعقوب رضوی، سعید الحق ملک، حافظ عبدالمجید بٹ، حاجی نذر عباس، عبدالحمید مغل، رانا شبیر احمد، محمد نوید شہزاد انسپکٹر ڈرگ، انیل چوہان، اے ایس راجہ، چودھری ولایت اللہ بٹ اور دیگر شامل تھے۔ احسن اقبال نے کہا کہ ملک میں عرصہ دراز سے جاری دہشت گردی کے خاتمے کے لیے افواج ِ پاکستان شب وروز مصروفِ عمل ہیں۔ اقلیتوں کے تحفظ کے لیے بھی سخت اقدامات کیے جارہے ہیں۔ اُنہوں نے تقریب کے انعقاد پر انجمن ِ شہریاں و تاجراں کے ذمہ داروں کو مبارکباد پیش کی۔ ایم پی اے خواجہ محمد وسیم بٹ نے کہا کہ عرصے بعد اتنے خوبصورت لوگوں کو ایک جگہ اکٹھا دیکھا ہے جہاں ہر مکتبہ ء فکر کے لوگ کی کثیر تعداد موجود ہے مجھے اِس بات پر بھی فخر ہے کہ میں احسن اقبال چودھری کا ایم پی اے ہوں، شیخ ثائر علی نے کہا کہ ہمیں اپنے منتخب نمائندے اور اپنے انتخاب پر فخر ہے کہ احسن اقبال نے خداداد صلاحیتیوں کی بدولت بہترین منصوبہ بندی سے کشکول توڑا ہے۔ پورے پاکستان کوساتھ لیکر چل رہے ہیںحافظ عبدالمجید بٹ نے کہا کہ مسلمان ملک نہ ہونے کے باوجود بھی جتنا تعاون اور مدد ہماری چین نے کی ہے اِس کی مثال نہیں ملتی، ملک طارق محمود اعوان ضلعی صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ احسن اقبال کی گرانقدر خدمات ناقابل ِ فراموش ہیں اِنہوں نے اعلیٰ تعلیمی منصوبوں کے بل بوتے پر آج نارووال کی میں دیگر منصوبوں کے علاوہ تعلیم کے میدان میں لازوال ترقی دیکھ کر میرے بچے بھی اسلام آباد کی بجائے نارووال میں آکر پڑھنا چاہتے ہیں۔ مقررین کی طرف سے ایک ٹرین کے اجراء کے مطالبے پر احسن اقبال چودھری نے کہا کہ نارووال کے لیے نہ صرف ٹرین کا اجراء کرائیں گے بلکہ نارووال کی ریلوے سٹیشن کی خستہ حال عمارت کو از سر نو تعمیر کروائیں گے ساتھ ہی شاپنگ مال، پارک اور لنک روڈ بھی جلد ہی تعمیر کروائیں گے۔ شکرگڑھ سے نامہ نگار کے مطابق احسن اقبال نے قاسم پورہ میں مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن، جلسہ عام اور سڑک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں پاکستان چین اقتصادی راہداری کے لئے 250ارب روپے مختص کئے جائیں گے۔ توانائی کے شعبے میں چینی سرمایہ کاری موجودہ توانائی پالیسی کے مطابق ہے۔ ماضی کی غلطیوں سے پرہیز کرنا ہو گا جس کی وجہ سے ہمارے ملک میں سرمایہ کاری نہیں آسکی۔ بھارتی حکومت چین اور پاکستان کے درمیان اقتصادی تعاون کے فروغ کی وجہ سے شدید پریشانی کا شکار ہے۔ بھارت کی بوکھلاہٹ بھارتی میڈیا میں کی جانے والی تنقید سے عیاں ہے دہشتگردوں کی پناہ گاہ قرار دیا جانے والے پاکستان پر آج دنیا بھر کی نظریں ہیں۔ ایک برس کے دوران پاکستانی معیشت میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔ پاکستان چین اقتصادی راہداری دونوں ملکوں کی ترقی و خوشحالی کا منصوبہ ہے وزیراعظم میاں نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کا تشخص دنیا بھر میں بہتر ہوا ہے کچھ عناصر نہیں چاہتے کہ پاکستان ترقی کرے۔ نواز شریف کی قیادت میں پختون، بلوچ علاقے بھی ترقی کریں گے۔ دشمنوں کے ارادے خاک میں مل جائیں گے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے فوج کے ساتھ مل کر حکومت جنگ لڑ رہی ہے۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما اصغر علی چودھری، مسلم لیگ (ن) ضلع نارووال کے صدر ملک طارق اعوان نے بھی خطاب کیا۔ ہمیں سیاسی وابستگی سے ہٹ کر دہشت گردوں کے خلاف متحد ہونا ہو گا۔ مسلم لیگ (ن) ضلع نارووال کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر حافظ شبیر احمد نے کہا کہ اسلامی انقلاب کے نام پر دہشت گرد پاکستان کے ساتھ ساتھ اسلام کا چہرہ مسخ کر رہے ہیں، ایم پی اے رانا منان خان نے کہا کہ علاقہ کی پسماندگی کا خاتمہ اوّلین ترجیح ہے۔

ای پیپر-دی نیشن