دہشتگردی میں ’’را‘‘ ملوث ہے‘معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھایا جائے:رحمٰن ملک
لاہور( این این آئی)سابق وزیر داخلہ رحمٰن ملک نے ملک میں جاری دہشتگردی کی کارروائیوں میں ہندوستانی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘کو ملوث قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کیخلاف شواہد کو منظرعام پر لاکر معاملے کو نہ صرف اقوام متحدہ میں اٹھایا جائے بلکہ شواہد سے متعلق پارلیمنٹ کو بھی اعتماد میں لیا جائے، داعش کی موجودگی بارے پہلے بھی بتا چکا ہوںاور اطلاعات کے مطابق داعش جنوبی پنجاب میں مضبوط گڑھ قائم کررہی ہے،حکومت داعش اور جنداللہ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ سانحہ کراچی بھی ایک سوچی سمجھی سازش تھی،’’را‘‘پاکستان کے قیام سے ہی اس کے خلاف سازشوں میں مصروف رہی ہے جو بلوچستان میں بھی حالات کو خراب کررہی ہے۔’’را‘‘کے کسی خاص سیاسی جماعت سے تعلق ہونے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کسی بھی قسم کا تبصرہ کرنے سے انکار کیا اور کہا کہ جب تک تفتیش جاری ہے وہ اس بارے میں اس وقت تک کچھ نہیں کہہ سکتے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت ناراض بلوچ رہنمائوں کو پاکستان کے خلاف اکساتا ہے ۔ حیربیار مری، براہمداغ بگٹی سے اپیل ہے کہ وہ پاکستان واپس آکر ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔