• news

تحریک انصاف نے دھاندلی کے ثبوت دیئے نہ ججوں کے سامنے جھوٹ بولتے اسے شرم آتی ہے: انوشہ رحمان

اسلام آباد (آئی این پی) وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمان نے کہا کہ تحریک انصاف نے جوڈیشل کمشن میں منظم دھاندلی کے ثبوت نہیں دیئے، تحریک انصاف کو ججوں کے سامنے جھوٹ بولتے ہوئے شرم محسوس نہیں ہوتی۔ جبکہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری نے عمران خان کو پاکستان کی سیاست کا ’’پپو ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پپو قوم کا وقت ضائع کررہے ہیں، عمران خان سیاست کے نابالغ ہیں۔ وہ پیر کو جوڈیشل کمشن کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انوشہ رحمان نے کہا کہ زائد بیلٹ پیپرز ہر انتخابات میں چھپے ہیں، اس بار بھی چھپے، نجی پرنٹنگ پریس سے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا الزم لگایا گیا، پی ٹی آئی خود کو پاک صاف جماعت سمجھتی ہے لیکن انکوائری کمشن کے سامنے جھوٹ بولتے ہوئے شرم نہیں آئی۔ طلال چوہدری نے کہا کہ عمران خان پپو کی وجہ سے قوم کا وقت ضائع کررہے ہیں۔ دو سال سے اور پھر 126 دن کا دھرنا دیکر قوم کو بحران کا شکار کیا۔ عمران خان کہتے رہے کہ 35 پنکچر کے ثبوت ہیں، کسی آرمی افسر کی ریکارڈنگ ہے، سابق چیف جسٹس کے خلاف بھی ثبوت ہیں جب جوڈیشل کمشن میں ثبوت دینے کی باری آئی تو کسی پپو کا نام دے دیا۔ شیخ روحیل اصغر نے عمران خان کو طبیعت میں برداشت پیدا کرنے کا مشورہ دیا جبکہ مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز نے کہا کہ قوم دیکھ رہی ہے کہ عمران خان پپو بنتے جارہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن