• news

جاگیرداروں نے غریبوں کا خون چوسا، ان سے احتساب کا وقت قریب ہے: سراج الحق

پشاور (نوائے وقت رپورٹ + نیٹ نیوز + ایجنسیاں) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ ظلم کی تاریکیوں کو ختم کرنے، انصاف کے دروازے کھولنے، غریبوں کیلئے روزی اور ان کے بچوں کیلئے تعلیم اور علاج کے انتظام کرنے کیلئے پاکستان کے غیور عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ کیونکہ ملک میں غریب کیلئے کچھ نہیں۔ یہاں پر خان خوانین کے کتے پلائوکھاتے ہیں غریب کے بچوں کو ایک وقت کی روٹی با آسانی میسر نہیں۔ حتیٰ کے یہاں پر اعلی عدالتوں کے دروازے بھی 20 لاکھ روپے پر کھلتے ہیں۔ اس فرسودہ نظام کے خاتمے کیلئے جماعت اسلامی کمر بستہ ہے۔ بونیر پشاور اور مردان میں جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت صرف اور صرف بڑے بڑے جاگیرداروں کیلئے ہے۔ غریبوں کیلئے کچھ نہیں۔ جاگیرداروں نے غریب عوام کا خون چوسا، ان سے احتساب کا وقت قریب ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پی کے کے گھروں میں ائر کنڈیشنڈ لگنے تک میں بھی اے سی استعمال نہیں کروں گا۔ جماعت اسلامی اقلیتوں کے ساتھ بھی کھڑی ہے۔ مردان میں جماعت اسلامی نے سکھوں اور ہندوئوں کو تمام وسائل فراہم کئے، قصور میں جب مسیحی جوڑے کو جلایا گیا تو سب سے پہلے میں وہاں گیا میں ظالم کے گلے پر ہاتھ ڈالنے والا پہلا شخص ہوں، مصر میں معزول صدر محمد مرسی کو پھانسی کی سزا سنائی جانی فرعون کا فیصلہ ہے۔ مختلف شہزادے سیاسی پارٹیاں بنا کر بیٹھے ہیں سیاسی جماعتیں برہمنوں کے ٹولے اور لیڈر سیاسی پنڈت ہیں عوام کیلئے سیاسی پنڈت کچھ نہیں کر رہے۔ انہوں نے کہا چین اقتصادی راہداری روٹ تبدیل کیا گیا تو سمجھیں گے کہ حکومت منصوبہ ناکام بنانا چاہتی ہے بوسیدہ نظام بلوچستان کا مسئلہ حل نہیں کر سکتا۔

ای پیپر-دی نیشن