• news

دہشت گردی کیخلاف تعاون: آئی ایس آئی اور افغان ایجنسی میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط

کابل+ اسلام آباد (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) افغان انٹیلی جنس نیشنل ڈائریکٹریٹ آف سیکورٹی اور پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے درمیان دہشت گردی کیخلاف باہمی تعاون کی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کردیئے گئے جس کے تحت دونوں ممالک کی خفیہ ایجنسیاں کسی بھی دہشت گردحملے کی مشترکہ تحقیقات کریں گی جبکہ آئی ایس آئی افغان انٹیلی جنس کے اہلکاروں کو تربیت دیگی اور مسلح کریگی۔ پیرکو افغان میڈیا کے مطابق پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی اور افغان انٹیلی جنس کے درمیان باہمی تعاون کے حوالے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کردیئے گے ۔افغان ذرائع کا کہنا ہے کہ معاہدے پر چند روز قبل افغان انٹیلی جنس کے نائب سربراہ نے دستخط کئے ہیں۔ معاہدے کے تحت دونوںممالک کی خفیہ ایجنسیاں دہشت گردی کیخلاف جنگ میں قریبی تعاون کریں گی جبکہ آئی ایس آئی افغان انٹیلی جنس کے اہلکاروں کو تربیت فراہم دیگی اور انہیں مسلح بھی کریگی۔ اسکے علاوہ دونوں ممالک کی خفیہ ایجنسیاں کسی بھی دہشت گردی کی کارروائی کی مشترکہ تحقیقات کریں گی۔ افغان صدر اشرف غنی کے ترجمان اجمل ابدی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کوئی نئی چیز نہیں۔ ماضی میں دونوں اداروں کے درمیان اس طرح کے معاہدے ہوچکے ہیں لیکن اس مرتبہ معاہدے پر توجہ کا مرکز دہشت گردی کا مشترکہ مقابلہ کرنا ہے ۔افغان صدر کے ترجمان کا کہنا تھاکہ افغانستان اور پاکستان کو ایک جیسے سیکورٹی خطرات کا سامنا ہے۔ افغانستان کی اب ایک فعال پالیسی ہے اور اب دونوں ملک یہ سمجھ چکے ہیںکہ انہیں دہشت گردی کیخلاف مشترکہ طور پر لڑنا ہوگا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک افغان انٹیلی جنس اداروں میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے معاہدہ ہوا ہے دونوں ممالک کے خفیہ ادارے مشترکہ دشمن کیخلاف کارروائیاں کرینگے۔ آئی این پی کے مطابق افغان وزارت داخلہ کے ترجمان صدیق صدیقی نے کہا ہے کہ پاک افغان خفیہ اداروں کے درمیان طے پا نے والے معاہدے کے تحت افغان اہلکاروں کی تربیت کیلئے پاکستان میں تعیناتی کے حوالے سے میڈیا رپورٹس بے بنیاد ہیں،پاکستان کے ساتھ مفاہمت کی یاداشت (ایم او یو) پر دستخط ملک کے قومی مفادات کے خلاف نہیں بلکہ دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ باہمی تعاون پر مبنی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن