معاشرے کی ترقی کے لئے عورتوں کا بااختیار ہونا ضروری ہے: فرخندہ وسیم افضل
لاہور (لیڈی رپورٹر) ’’ہم مظلوم نہیں‘‘ عورتوں کو بااختیار بنانے کے حوالے سے لاہور کالج ویمن یونیورسٹی نے سیمینار کا انعقاد ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے فرخندہ وسیم افضل خاتون محتسب پنجاب نے کہا کہ حکومت پنجاب کا جنسی ہراسانی جیسے حساس مسئلے کا سنجیدگی سے نوٹس لینا خوش آئند ہے اور ملازمت کی جگہ پر ہراساں کی جانے والی خواتین کے تحفظ کا قانون 2010ء کے تحت اب جنسی ہراسانی ایک جرم ہے۔ اس قانون کے تحت ہر ادارے پر لازم ہے کہ وہ جنسی ہراسانی کے قانون کی پابندی کریں اور ضابطہ اخلاق کو اپنے محکمہ/ ادارہ کی پالیسی میں شامل کر کے ماحول کو جنسی ہراسانی سے پاک کریں۔ جنسی ہراسانی سے متعلق شکایت یا اپیل کے لئے خاتون محتسب پنجاب براہ راست بھی وصول کر رہی ہیں۔ بشریٰ خالق (ایگزیکٹو ڈائریکٹر وائز نے کہا کہ عورتوں کا ملک کی ترقی میں ہمیشہ اہم کردار رہا ہے۔ عورتیں کسی بھی میدان میں پیچھے نہیں ہیں۔ ہمارے معاشرے میں عورتیں استحصال کا شکار ہیں لیکن اس کے باوجود بھی اپنے حوصلے بلند رکھے ہوئے ہیں۔ ممتاز مغل عورت فائونڈیشن نے کہا کہ نامساعد حالات، ٹرانسپورٹ جیسی مشکل ہو یا مساوی اجرت، محنت کش عورتوں کے حوصلہ بلند ہیں۔ عورتوں کو جائیداد میں حصہ دینا چاہئے۔ سیمینار سے شازیہ شاہین، عمارہ اظہر اور ارم شاہد نے بھی خطاب کیا۔