زمبابوے کی ٹیم پاکستانیوں کے دل جیت کر جائے گی : عثمان انور
لاہور (سپورٹس رپورٹر/ نمائندہ سپورٹس ) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس بورڈ پنجاب عثمان انور نے زمبابوے کرکٹ ٹیم کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا ہے کہ آج قوم کیلئے خوشی کا دن ہے، 6 سال بعد کوئی انٹرنیشنل ٹیم پاکستان آئی ہے ، زمبابوے کی ٹیم پاکستانیوں کے دل جیت کر جائے گی۔ منگل کے روز اپنے ایک بیان میں ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا سہرا پنجاب یوتھ فیسٹیول اور سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام ہونیوالے انٹرنیشنل سپورٹس فیسٹیول کے سر ہے۔ انٹرنیشنل سپورٹس فیسٹیول میں درجنوں ممالک کی ٹیموں نے شرکت کی جس سے غیرملکی ٹیموں کا پاکستان آنے کا راستہ کھلا۔ انہوں نے کہا کہ زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورہ سے قبل ان کی سکیورٹی ٹیم انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے پاکستان آئی تھی، اس ٹیم کے سربراہ ایلسٹر کیمبل نے سپورٹس بورڈ پنجاب کا سکیورٹی کنٹرول روم دیکھ کر فوری طور پر ٹیم کے دورہ پاکستان کی حامی بھر لی تھی۔ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا کہ قوم زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورہ کے موقع پر بہترین نظم وضبط کا مظاہرہ کرے اور ان کو اپنی روایتی مہمان نوازی سے بتائیں کہ پاکستانی قوم محبت اور پیار کرنیوالی قوم ہے۔چند ماہ بعد انٹرنیشنل سپورٹس فیسٹیول2015ء کا آغاز ہوگا جس میں شرکت کیلئے درجنوں ممالک کی ٹیمیں پاکستان آ رہی ہیں، فیسٹیول پاکستان میں سپورٹس کا انقلاب برپا کردے گا ، ہمارے نوجوانون کھلاڑیوں کو غیرملکی ٹیموں سے کھیل کر بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کا تجربہ حاصل ہوگا جو مستقبل میں ان کے کام آئے گا۔