’زمبابوے ٹیم کی ڈرائیونگ سیٹ سنبھالنا چاہتا ہوں:ڈرائیور سری لنکن بس
لاہور(نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر)چھ سال قبل دہشت گردی کا نشانہ بننے والی سری لنکن کرکٹ ٹیم کے بس ڈرائیور مہر خلیل پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی پر بہت خوش ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ وہ زمبابوے کی ٹیم کی بس کی ڈرائیونگ سیٹ بھی سنبھالیں۔زمبابوے کی کرکٹ ٹیم پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ نہ ہونے کا چھ سالہ جمود توڑتے ہوئے پاکستان کے دورے پر پہنچی ہے۔مہر خلیل کو پاکستانی کرکٹ کی تاریخ میں ایک ایسے ہیرو کے طور پر پہچانا جاتا ہے جنھوں نے تین مارچ 2009 کو لاہور میں سری لنکن کرکٹ ٹیم کی بس پر حملے میں بہادری دکھاتے ہوئے بس کو دہشت گردوں کے چنگل سے نکالا تھا۔ حملے میں چند سری لنکن کرکٹر زخمی ہوئے تھے لیکن ان کی جانیں بچ گئی تھیں۔