• news

وزیراعظم، زرداری ملاقات کے دوران کراچی میں گورنر راج نافذ نہ کرنے پر اتفاق ہوا

اسلام آباد (محمد نواز رضا‘ وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی اہم قومی ایشوز پر ایک ہی صفحہ پر ہو گئے ہیں جبکہ ایم کیو ایم اور تحریک انصاف جو روایتی حریف ہیں، حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے اکٹھی ہو گئی ہیںاور جماعت اسلامی بھی انکی ہمنوا ہو گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی قیادت نے اہم قومی ایشوز جن میں پاک چین اقتصادی راہداری بھی شامل ہے، پر حکومت کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے دور میں گیس انفراسٹرکچر ترقیاتی محصول بل 2014ء جو پیپلز پارٹی کے دورمیں ہی آرڈیننس کی شکل میں نافذ العمل تھا، کی منظوری میں پیپلز پارٹی نے وفاقی حکومت کی مدد کی۔ ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم نوازشریف ملاقات میں کراچی میں گورنر راج نافذ نہ کرنے پر اتفاق رائے ہوا اور وزیر اعظم نے پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کی ہر ممکن مدد کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے ایک ہی ’’صفحہ‘‘ پر ہونے پر پارٹی کے اندر عقاب صفت رہنماؤں میں تشویش پائی جاتی ہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری 5 میگا سکینڈلز کو منطقی انجام تک پہنچنے سے قبل فائلوں میں بند کرانا چاہتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن