• news

پیپلز پارٹی کا بلدیاتی انتخابی مہم چلانے کیلئے بلاول کو میدان میں لانے کا فیصلہ

لاہور (مبشر حسن/ نیشن رپورٹ) الیکشن کمشن کی جانب سے سیاسی پارٹیوں کے سربراہوں اور ارکان پارلیمنٹ پر بلدیاتی الیکشن کے دوران جلسوں پر پابندیاں عائد کرنے کے تناظر میں پیپلز پارٹی نے بلاول بھٹو زرداری کو سیاسی میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے اور بلاول جلد ہی بلدیاتی انتخابی مہم میں جوش و خروش پیدا کرنے کیلئے سرگرم ہورہے ہیں۔ نئے قوانین کے مطابق آصف زرداری سمیت پیپلز پارٹی کے کئی رہنما بلدیاتی انتخابی مہم میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ زراری پر صدارت کے بعد دو سال تک سیاسی سرگرمیوں میں حصہ نہ لینے کی بھی پابندی ہے۔ یہ مدت ستمبر میں پوری ہورہی ہے اور بلدیاتی الیکشن بھی ستمبر میں ہورہے ہیں۔ اس طرح وہ الیکشن سے قبل شروع ہونے والی انتخابی مہم میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ پی پی ذرائع کے مطابق بلاول پر اس حوالے سے کوئی پابندی نہیں لگتی لہٰذا انہیں میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تاہم بعض پارٹی رہنمائوں کا خیال ہے کہ بلاول سکیورٹی خطرات کے باعث الیکشن مہم کی سربراہی نہیں کرسکیں گے۔ آصف زرداری بلاول کو عام جلسوں میں جانے کی اجازت نہیں دینگے۔ بعض ذرائع کے مطابق بلاول ویڈیو لنک کے ذریعے انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے رہیں گے اور بلاول کی محض پاکستان آمد سے ہی الیکشن مہم میں بڑا فرق پیدا ہوجائے گا۔ پارٹی کے بعض حلقوں کا خیال ہے کہ بلاول ہی مایوس جیالوں کیلئے امید کی آخری کرن بن چکے ہیں جو پارٹی کو ایک بار پھر مقبول بنا سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق زرداری پر بھی بلاول کو واپس پارٹی میں سرگرم کرنے کا دبائو بڑھا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن