مرسی کو سزائے موت پر تشویش ہے: پاکستان، ڈرون حملے کی پھر مذمت
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) پاکستان نے مصر کے سابق محمد مرسی کی سزائے موت کے معاملے پر ردعمل میں کہا ہے انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے محمد مرسی ایک سیاسی قیدی اور مصر کے سابق صدر ہیں، ان کو موت کی سزا پر پاکستان کو تشویش ہے۔ انصاف کا نظام شفافیت پر مبنی ہونا چاہئے۔ امید ہے مصر کی حکومت قانون کے مطابق انصاف کے تقاضے پورے کرے گی۔ سٹاف رپورٹر کے مطابق پاکستان نے شمالی وزیرستان میں امریکہ کے تازہ ڈرون حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ واضح رہے 18مئی کو اس حملہ سے پہلے 16 مئی کو ایک ڈرون حملہ کیا گیا تھا۔ دفترخارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے امریکی ڈرون حملے پاکستان کی علاقائی خودمختاری اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں ، ہم ایسے حملوں کی مذمت کرتے ہیں، ان حملوں سے مقامی آبادی میں عدم اعتماد کی فضا پیدا ہوگی۔