بچیکی : زمیندار نے کمسن ملازم کو تشددکرکے قتل کردیا، ورثاء کا احتجاج
بچیکی (نامہ نگار) بااثر زمیندار نے کمسن گھریلو ملازم کو تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کرکے نعش گندم کے بھوسے میں چھپا دی جس پر ورثا نے کا ننکانہ بچیکی روڈ بلاک کر کے شدید احتجاج کیا۔ نواحی گائوں بوڑہ کھوہ میں محنت کش منیر احمد کا 15 سالہ بیٹا قدیر مقامی زمیندار عابد کے پاس حویلی مویشیاں میں کام کرتا تھا۔ قدیر کے والدین کے مطابق وہ گزشتہ روز سے لاپتہ تھا، آج انہیں قریبی گندم کے بھوسے کے ڈھیر (توڑی) میں سے اسکی تشدد زدہ نعش مل گئی، اسکے جسم پر تشدد کے ساتھ ساتھ چھریوں کے وار کے نشانات بھی نظر آرہے تھے۔ قدیر کے والدین اور لواحقین نے الزام لگایا کہ زمیندار نے ہمارے بیٹے کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کردیا۔ دوسری طرف زمیندار عابد کا کہنا ہے کہ قدیر نے کمرے کی چھت سے لٹک کر خودکشی کی ہے۔ واقعہ اور لواحقین کے احتجاج کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ مذاکرات اور ملوث ملزمان کیخلاف سخت کارروائی کی یقین دہانی کے بعد مظاہرین نے احتجاج ختم کردیا۔ پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال بھجوا دی ہے۔ پولیس نے عابد سلمان وغیرہ سمیت 3 نامزد اور 2 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفشیش شروع کر دی ۔