پولیس افسر وں کی گریڈ 20 سے 21 میں ترقی کا نوٹیفکیشن عارضی روکنے کا حکم
اسلام آباد (آن لائن) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈی آئی جی آفتا ب احمد چیمہ کی درخواست پر گریڈ 20 سے گریڈ 21 میں ترقی پانے والے پولیس افسروںکا نوٹیفکیشن عارضی طور پر روکنے کا حکم دیتے ہوئے وفاقی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن چیئرمین سلیکشن بورڈ اور ایڈیشنل آئی جی کے پی کے سے جواب طلب کر لیا۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر مشتمل سنگل بینچ نے ڈی آئی جی اسلام آباد آفتاب چیمہ کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل ایس اے رحمان نے عدالت کو بتایا کہ میرے موکل کو جان بوجھ کر ترقی پانے والے افسران کی فہرست میں شامل نہیں کیا گیا جبکہ دوسری طرف میرٹ اور سنیارٹی کو نظر انداز کرتے ہوئے جونیئر افسران کو ترقیاں دے دی گئیں ہیں لہذا عدالت سے استدعا ہے کہ تحقیقات تک نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دے دیا جائے ۔ فاضل عدالت نے ترقی پانے والے افسران کا نوٹیفیکیشن عارضی طور پر روکتے ہوئے نامزد فریقین سے جواب طلب کر لیا۔ آئندہ سماعت 22 مئی کو ہو گی۔