• news

گرمی بڑھتے ہی لوڈشیڈنگ میں اضافہ، دورانیہ 16گھنٹے تک جاپہنچا، عوام کی زندگی اجیرن

لاہور (نامہ نگاران) گرمی بڑھتے ہی لوڈشیڈنگ میں اضافہ، دورانیہ شہروں میں 14دیہات میں 16گھنٹے تک جا پہنچا، بجلی کی بندش سے کاروبار ٹھپ، عوام کی زندگی اجیرن بن گئی۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق شہر اور گردونواح میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی گیپکو نے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں بھی اضافہ کردیا ہے جبکہ شہری علاقوں میں 10سے 14گھنٹوں اور گردونواح کے دیہی علاقوں میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 16گھنٹوں سے بھی تجاوز کرگیا جس کے باعث شہری پانی کی بوند بوند کوترس گئے جبکہ شہریوں نے بعض مقامات پر احتجاج کرتے ہوئے گیپکو حکام کے خلاف شدیدنعرے بازی کی ان کا کہنا تھا کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث مزدور طبقہ پس کر رہ گیا ہے اب تو یہ عالم ہو گیا ہے کہ دو وقت کی روٹی کمانا مشکل ہوگیا ہے۔ جھنگ سے نامہ نگار کے مطابق گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی شہر و گردونواح میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ پھر سے شروع ہو گیا ہے۔ وہاں بجلی کے وولٹیج میں بھی اانک انتہائی کمی بیشی کی شکایات میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔ بجلی کے وولٹیج میں کمی کے باعث الیکٹرونکس اشیا کے جل جانے کے باعث ہونے والی مالی نقصان نے عوام کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے۔ وہاڑی سے نامہ نگار کے مطابق بجلی اور گیس کی طویل غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جایر ہے اور دورانیہ میں دن بدن اضافہ ہونے لگا، جس کی وجہ سے تاجر، کسان، طالب علم اور خواتین کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔سکھر سے نامہ نگار کے مطابق طویل لوڈشیڈنگ کیخلاف لوگوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا جبکہ پانی کی شدید قلت کے باعث مظاہرین نے ہاتھوں میں خالی برتن اٹھا کر احتجاج کیا اور نعرے بازی کی۔

ای پیپر-دی نیشن