• news

ملتان جلسہ پر عمران نے ڈانٹ پلائی یا پیار کیا، ہاشمی فکرمند نہ ہوں: شاہ محمود

ملتان (آئی این پی) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے تحریک انصاف ملک میں قانون کی حکمرانی کی خواہش مند ہے اور جوڈیشل کمیشن کی لڑائی صرف فرد واحد یا جماعت کیلئے نہیں بلکہ ہمیشہ شفاف انتخابات کی بنیاد رکھنے کی جدوجہد ہے الیکشن کمیشن نے تہیہ کر لیا ہے اس نے نہ صرف ضابطہ اخلاق کی پاسداری کرنی ہے بلکہ کرانی بھی ہے یہی وجہ ہے کے پی کے میں عمران خان نے عوامی رابطہ مہم کے بارے میں جلسے و دیگر پروگرام کرنے تھے مگر الیکشن کمیشن کی درخواست پر انہوں نے اپنا سارا شیڈول کینسل کر دیا 21مئی کو نتیجہ کچھ بھی نکلے جمہوری قدروں کو پروان چڑھانے میں اضافہ ہوگا۔ تحریک انصاف کی جانب سے الیکشن کے روز امن کی فضا ہوگی اور مد مقابل امیدواروں سے بھی توقع رکھتے ہیں وہ بھی پر امن رہیں گے۔ یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا مسلم لیگ ن کے ایم پی اے علیم شاہ کی سربراہی میں 6ارکان صوبائی اسمبلی کی حکومتی کمیٹی تشکیل دی گئی کہ وہ حکومتی امیدوار کی سپورٹ کے سلسلے میں ترقیاتی سکیموں کا آغاز کر دیں جب میرے علم میں یہ بات آئی تو میں نے کمشنر ملتان سے بات کی یہ کام قانون کی دھجیاں اڑانے کے مترادف اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے جس پر انہوں نے یقین دہانی کرائی ایسا نہیں ہوگا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا جب سراج الحق نے مجھے کہا جماعت اسلامی کا مسلم لیگ ن کا ساتھ دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا تو پھر معافی کس بات کی۔ انہوں نے کہا پیمرا حکومت کی جی حضوری میں لگی ہوئی ہے پیمرا نے قانون کے مطابق کام کیا ہوتا تو بہت سی قباحتیں جنم نہ لیتیں۔ این این آئی کے مطابق شاہ محمود قریشی نے کہا 15 مئی کے جلسے کے حوالے سے عمران خان نے مجھے ڈانٹ پلائی ہے یا پیار کیا ہے، اس پر ہاشمی صاحب کو فکرمند نہیں ہونا چاہئے۔

ای پیپر-دی نیشن