عالمی بنک آئندہ 5 سال کے دوران تعلیمی شعبہ میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کریگا
واشنگٹن (اے پی پی) عالمی بنک آئندہ پانچ سال میں تعلیم کے شعبہ میں5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔ عالمی بنک کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق بنک ایک منصوبے کے تحت2020ء تک سرمایہ شعبہ تعلیم پر سرمایہ کاری کی حد کو دوگنا کرتے ہوئے 5 ارب ڈالر تک کی سرمایہ کاری کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنک کی سرمایہ کاری سے وہ 120ملین بچے مستفید ہونگے جو سکول سے باہر ہیں اور 250 ملین بچے فائدہ حاصل کریں گے جو سکول جانے کے باوجود لکھنے اورپڑھنے سے عاری ہیں۔ ورلڈبنک کے صدرجم یونگ کم کے مطابق بنک نتائج پرمبنی مالیاتی نظام اپنانا چاہتا ہے اور انہیں ممالک کو امداد یا قرضہ دیا جائے گا جو معاہدوں کے تحت کارکردگی دکھائیں گے۔ عالمی بنک 2030ء تک انتہائی غربت کے خاتمے کا ہدف بھی رکھتا ہے جس کے لئے 2020ء سے بنک شعبہ تعلیم پر40 ارب ڈالر خرچ کرے گا۔