• news

زرداری اور رحمان ملک نے دبئی میں بینظیر بھٹو کے قتل کا منصوبہ بنایا تھا: زاہد سرفراز

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) آصف علی زرداری اور رحمان ملک نے بینظیر کو قتل کرنے کا منصوبہ دبئی میں بنایا تھا۔ دبئی میں وہ لینڈ کروزر تیار کروائی گئی جس میں بے نظیر قتل کے وقت موجود تھی جو بلڈ پروف نہیں تھی۔ فیصل آباد میں مختلف واقعات میں حال ہی میں قتل ہونے والے 5افراد کے پیچھے بھی سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں کا ہاتھ ہے، سمن آباد ناولٹی پل پر تحریک انصاف کے قتل ہونے والے کارکن حق نواز قتل میں رانا ثناء اللہ ملوث ہیں۔ ’’را‘‘ قیام پاکستان سے پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہے۔ وقت آیا تو میں پاکستان افواج کے شانہ بشانہ کھڑا ہوں گا۔ ان خیالات کا اظہار سابق وزیرداخلہ اور سینئر سیاستدان میاں زاہد سرفراز نے منروا کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں 60سال سے سیاست کر رہا ہوں جو حالات اس وقت ہیں اس سے پہلے کبھی نہ تھے۔ جمہوریت لٹیروں کو ملی ہوئی ہے جو اپنے مفادات کی خاطر ملک کا سودا کر رہے ہیں اور ملک کو مقروض کرتے جا رہے ہیں۔ میاں زاہد سرفراز نے کہا کہ آصف علی زرداری نے دبئی میں بے نظیر بھٹو کے قتل کا پلان بنایا تھا۔ اس حوالے سے ایک مخصوص لینڈکروزر تیار کروائی تھی جو بلٹ پروف نہ تھی جس میں پلان کے مطابق بے نظیر بھٹو کو سوار کیا اور مخصوص مقام پر انہیں گاڑی سے باہر نکلنے کا کہا گیا۔ عین اس وقت شارک شوٹر نے فائر کیا جو محترمہ کے سر میں لگا اور وہی گولی ان کی موت کا باعث بنی۔ محترمہ کا پوسٹ مارٹم نہ کروانا اور یونائیٹڈ سکیورٹی اداروں کو تفتیش کیلئے پاکستان کی دعوت دینا بھی پلان کا حصہ تھا۔ اگر آصف علی زرداری قاتلوں کو گرفتار کروانا چاہتے تھے تو وہ سکاٹ لینڈ یارڈ سے تفتیش کرواتے۔ انہوں نے سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں کو ڈان قرار دیتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد میں حال ہی میں مختلف واقعات میں قتل ہونے والے پانچ افراد کے پیچھے بھی رانا ثناء اللہ کا ہاتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ باتیں سابق سی پی او سہیل حبیب تاجک نے مجھ سے شیئر کیں مگر مجھے افسوس ہے کہ سی پی او ان کے خلاف مقدمہ درج نہ کرسکے اور ان کا تبادلہ ہوگیا۔

ای پیپر-دی نیشن