• news

کراچی : سکیورٹی اداروں کا سرچ آپریشن ، ٹارگٹ کلرز سمیت 15 ملزم گرفتار، مقابلہ میں ایک دہشتگرد ہلاک

کراچی (اے این این) کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی کارروائیاں کے دوران مقابلے میں ایک دہشتگرد ہلاک ہو گیا۔ ٹارگٹ کلر اور غیرملکیوں سمیت 15افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ادھر بلدیہ سے ایک شخص کی 3 روز پرانی لاش برآمد ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کراچی شہر میں امن دشمن عناصر، بھتہ خوروں، ڈاکوئوں اور ٹارگٹ کلرز کا گھیرا تنگ کر دیا ہے۔ سپر ہائی وے جنجال گوٹھ میں پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں ایک دہشتگرد مارا گیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک دہشتگرد سے اسلحہ اور دستی بم برآمد ہوئے۔ علاوہ ازیں لیاقت آباد میں پولیس نے کارروائی کرکے ٹارگٹ کلر سمیت 9 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ پولیس نے لیاقت آباد کے علاقے غریب آباد اور اسحاق آباد میں جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا اور علاقے کا محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشی لی اس دوران ٹارگٹ کلر سمیت 9 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ ایس ایس پی سینٹرل چوہدری اسد کے مطابق گرفتار ملزمان میں ٹارگٹ کلرز بھی شامل ہیں ۔ دوسری طرف ڈیفنس سے ملحقہ علاقے گذری میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے غیر قانونی گیسٹ ہائوس پر چھاپہ مار کر وہاں مقیم غیر ملکی سمیت6 افراد کو حراست میں لے لیا۔ زیر حراست افراد سے نامعلوم مقام پر تفتیش کی جارہی ہے۔ قبل ازیں ریسکیو ذرائع کے مطابق بلدیہ ٹائون کے علاقے رشید آباد کے ایک گھر سے 3 روز پرانی نعش ملی ہے۔پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت قاضی محمد حسین کے نام ہے۔ ادھر اورنگی ٹائون میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک شخص زخمی ہوگیا جسے عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن