سینٹ کی 3 قائمہ کمیٹیوں کے انتخابات تمام کے چیئرمین فاٹا کے ارکان منتخب
اسلام آباد (آئی این پی) سینٹ کی قائمہ کمیٹیوں کے انتخابات میں قائم ہونیوالی تینوں کمیٹیوں کے چیئر مین فاٹا کے سینٹ اراکین منتخب ہو گئے ۔ سینٹ میں فاٹا کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر ہدایت اللہ کو صنعت و پیداوار قائمہ کمیٹی کا چیئرمین منتخب کر لیا گیا۔ سینیٹر میاں عتیق نے نام تجویز کیا جسکی تائید سینیٹر چوہدری تنویر نے کی۔ اجلاس میں سینیٹرز اورنگزیب خان ، خالدہ پروین ،خانزادہ خان ، تاج حیدر نے شرکت کی۔ چیئر مین قائمہ کمیٹی صنعت و پیدوار سینیٹر ہدا یت اللہ نے ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ معاشی ترقی کی خاطر کمزورصنعتوں اور انڈیسٹریل زون کی بحالی پہلی ترجیح ہے۔ بند پیداواری یونٹس کی وجوہات کو سامنے لا کر اقدامات اٹھائیں گے۔ علاوہ ازیں قائمہ کمیٹی نیشنل ہیلتھ سروسز کے چیئر مین بھی سینیٹ میں فاٹا سے ممبر سجاد حسن طوری منتخب ہوئے۔ سینیٹر میاں محمد عتیق نے نام تجویز کیا جسکی تائید سینیٹر حمزہ نے کی۔ نومنتخب چیئرمین کمیٹی سینیٹر سجاد حسین طوری نے کہا کہ شہریوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی اور جعلی ادوایات کے خاتمے کیلئے اقدامات پہلی ترجیح ہوگی۔ ادھر فاٹا سے ممبر سینٹ سینیٹر ہلال الرحمان کو قائمہ کمیٹی سیفران کا چیئر مین منتخب کر دیا گیا۔ سینیٹر ہدا یت اللہ نے ان کا نام تجویز کیا اور تائید سینیٹرز اورنگزیب خان اور تاج آفریدی نے کی۔ اجلاس میں سینیٹرز سجاد حسین طوری، خانزادہ خان صالح شاہ اور حمزہ نے شرکت کی۔ چیئر مین کمیٹی ہلا ل الرحمان نے کہا کہ فاٹا کے اہم مسائل جن میں تعلیم، صحت، روزگار کی فراہمی کیلئے ممبرا ن کی مشاورت سے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ سینیٹ میں فاٹا کے پارلیمانی لیڈرسینیٹر ہدایت اللہ نے تین قائمہ کمیٹیوں کے فاٹا ممبران کے چیئر مین بننے پر ا س یقین کا اظہار کیا کہ فاٹا کے نو منتخب چیئر مین نہ صرف فاٹا بلکہ ملک بھر کے عوام کی خواہشات اور امنگوں کے تحت اپنی اپنی ذمہ داریاں، سیاسی وفاداریوں سے بالا تر ہو کر کردار ادا کرینگے۔