اسلام آباد صوبوں کے حقوق غصب کر رہا ہے، وزیراعظم پنجاب تک محدود نہ رہیں: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ اسلام آباد صوبوں کے حقوق غصب کررہاہے ، وزیراعظم خود کو پنجاب تک محدود نہ کریں ، وہ پورے ملک کے وزیراعظم ہیں ، حکمرانوں کے متعصبانہ روئیے سے چھوٹے صوبوں میں احساس محرومی بڑھ رہاہے اور عوام مایوسی کا شکار ہو رہے ہیں، حکمرانوں کو تعصب اور نفرت کی عینک اتار کر تمام صوبوں کو برابر کے حقوق دینا ہوں گے۔ اسلام آباد والے قومی خزانے پر سانپ بنے بیٹھے ہیں،خیبر پی کے سمیت ملک کا سب سے بڑا مسئلہ لوڈشیڈنگ بن چکا جس کی وجہ سے صنعتیں اور کارخانے بند ہیں ، لاکھوں مزدور بے روزگار ہوچکے نوشہرہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجٹ شوکت عزیر بنائیں یا اسحق ڈار ، اس میں غریبوں کیلئے کچھ نہیں ہوتا۔ سرمایہ داروں اور جاگیرداروں کی تمام پالیسیاں اشرافیہ اور امیروں کو فائدہ پہنچانے تک محدود ہوتی ہیں ۔ آئی ایم ایف سے ملنے والے قرضوں کا عوام کوکو ئی فائدہ نہیں پہنچتا ۔ یہ قرضے حکمرانوں کے پیٹ میں جاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ طبقاتی اور استحصالی نظام نے تانگے، ریڑھی، چھابڑی اور رکشہ والوں کے لیے زندگی کو ایک بھیانک خواب بنادیا۔ معصوم بچے محنت مزدوری پر مجبور ہیں ۔ غریب سارا دن محنت مشقت کرنے کے بعد بھی مسائل سے دوچار رہتے ہیں۔ اس ظالمانہ استحصالی نظام کے خاتمہ کے لیے عوام جماعت اسلامی کے دست و بازو بنیں ۔ انہوں نے کہاکہ اقتدار پر قابض چند سیاسی خاندانوں نے انتہائی مکاری اور عیاری سے عوام کو تقسیم کیاہے۔ عوام انہیں کندھوں پر بٹھاتے ہیں مگر یہ ظالم اقتدار کے ایوانوں میں پہنچ کر ایک دوسرے کی کرپشن کو تحفظ دیتے ہیں۔