• news

افواج کی افغانستان سے واپسی کا ٹائم ٹیبل نہیں دے سکتے : نیٹو

برسلز +کابل (نوائے وقت رپورٹ+آئی این پی) افغانستان سے نیٹو فوج کے انخلاء سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس کا پہلا سیشن ہوا ڈائریکٹر نیٹو افواج نے کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ نیٹو افواج کی افغانستان سے واپسی کا کوئی ٹائم ٹیبل نہیں دے سکتے افغانستان سے نیٹو افواج کی واپسی سے عدم استحکام کے سبب خانہ جنگی کا خطرہ ہے۔ ادھر افغانستان میں سکیورٹی فورسز کے تازہ آپریشن اور جھڑپوں کے دوران 51 طالبان جنگجو ہلاک اور 74 زخمی ہو گئے جبکہ 6 سکیورٹی اہلکار بھی مارے گئے۔ بدھ کو افغان میڈیا کے مطابق وزارت دفاع کے ترجمان جنرل ظاہر عظیمی نے بتایا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں فوجی آپریشن کئے گئے جن میں 44 جنگجو ہلاک اور 74 زخمی ہو گئے۔ لڑائی کے دوران بارودی سرنگوں کے دھماکوں میں 4 افغان فوجی بھی ہلاک ہو گئے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے 21 دیسی ساختہ بم ڈیوائسز قبضے میں لے کر ناکارہ بنا دیں۔ دوسری جانب صوبہ ارزگان کے ضلع چار چینو میں افغان سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں 7 عسکریت پسند ہلاک ہو گئے جبکہ 2 پولیس اہلکار بھی مارے گئے۔ جھڑپیں اس وقت شروع ہوئیں جب طالبان نے سکیورٹی چیک پوسٹوں پر حملے کئے ہیں۔ صوبائی گورنر کے ترجمان دوست محمد نایاب کا کہنا ہے کہ علاقے میں جھڑپیں ختم ہو گئی ہیں اور افغان فورسز نے علاقے کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن